کورونا ایس اوپیز، خلاف ورزیوں پر 13 ہزار سے زائد چالان
کورونا ایس اوپیز، خلاف ورزیوں پر 13 ہزار سے زائد چالان
اتوار 6 دسمبر 2020 20:42
سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مکہ ریجن میں نوٹ کی گئیں(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مملکت کی سطح پر کورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقرر کردہ ضوابط کی خلاف ورزی پر 13 ہزار 549 چالان کیے گئے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد وشمار میں کہاگیا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مکہ مکرمہ ریجن میں نوٹ کی گئیں جن کی تعداد 3 ہزار 192 تھی۔
ریاض ریجن میں 2 ہزار 326 ، قصیم ریجن 17 سو 84 ، مدینہ منوررہ ریجن میں 17 سو 73 ، مشرقی ریجن 11 سو 64 ، شمالی حدود 796 ، حائل 597 ، عسیر465 ، الجوف 450 ، تبوک 378 ، جازان 309 ، نجران204 اور الباحہ ریجن میں سب سے کم خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی جن کی تعداد 111 رہی۔
وزارت داخلہ نے شہریوں اورغیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا کے حوالے سے مقرر کردہ ایس اوپیز پر سختی سے عمل کریں ۔ ضوابط پر عمل کرکے ہی اس مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی دنوں میں سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا اس حوالے سے مقرر کردہ قوانین سب کے لیے یکساں تھے ۔
کورونا سے بچاوکے لیے ابتدا میں تمام شہروں میں مکمل کرفیو نافذ کیا گیا بعدازاں وبا کے اثرات پر قابو پانے کے بعد کرفیو اور لاک ڈاون کا سلسلہ رفتہ رفتہ ختم کیاگیا۔
کورونا سے بچاو کےلیے وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ضوابط میں کہا گیا ہے کہ گھروں سے باہر جاتے وقت منہ اور ناک کو رومال یا ماسک سے ڈھانپ کررکھا جائے۔
ایک دوسرے سے کم از کم ڈیرھ میٹر دور رہا جائے ، مساجد میں بھی صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے ، مارکیٹوں میں صارفین کےلیے فاصلہ متعین کرنے والے نشانات لگائے جائیں۔
مارکیٹوں اور تجارتی اداروں کےلیے مقرر کردہ ضوابط کے مطابق کہا گیا ہے کہ ہر دکان اور تجارتی ادارے میں آنے والوں کے لیے سینیٹائزر کا اہتمام کیاجائے جبکہ صارفین کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کرنے کےلیے ڈیجیٹل تھرما میٹر کے ساتھ اہلکار تعینات کیے جائیں۔
مارکیٹوں میں شاپنگ ٹرالیز کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کرنے کا خصوصی اہتمام کیا جائے ۔ مارکیٹ یا دکان میں گاہکوں کی مقررہ تعداد رکھنے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر عمل درآمد کویقینی بنانے کےلیے وزارت داخلہ نے قواعد مقرر کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں پر سزاوں کا اعلان کیا۔
داخلہ کی جانب سے پولیس، بلدیہ ، تجارت اور دیگر اداروں کو اس امر کا اختیار دیا گیا کہ وہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد یا اداروں کے خلاف فوری کارروائی کریں