Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سینیئر صحافی اور کالم نگار روف طاہر انتقال کرگئے

ایک دہائی سے زیادہ عرصے اردو میگزین میں خدمات انجام دیں۔( فائل فوٹو)
سینیئر صحافی اور معروف کالم نگار روف طاہر پیر کی صبح حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔ ان کی عمر68 برس تھی۔
فیملی ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ روف طاہر یونیورسٹی جانے کے لیے صبح تیار ہو رہے تھے کہ اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ جہاں وہ چل بسے۔
نمازجنازہ پیر کو بعد نماز مغرب، جامع مسجد لیک سٹی ( ایم ون) لاہور میں ادا کی گئی۔
 روف طاہر کا صحافتی سفرعشروں پر پھیلا ہوا ہے۔ ہفت روزہ زندگی، روزنامہ نوائے وقت سمیت دیگر کئی صحافتی اداروں سے طویل عرصہ تک وابستہ رہے۔
روزنامہ دنیا میں ’جمہورنامہ‘ کے عنوان سے کالم تحریر کرتے تھے۔ ظفرعلی خان ٹرسٹ کے سیکریٹری بھی تھے جبکہ ایک یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسر کے طورپر پڑھا بھی رہے تھے۔
حکومت پاکستان کی طرف سے صحافت میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔
سعودی عرب میں اردو نیوز نے میگزین کا اجرا کیا تو ایک دہائی سے زیادہ عرصے بطور میگزین ایڈیٹر خدمات انجام دیں۔ میگزین بند ہونے کے بعد پاکستان چلے گئے۔ 

 

شیئر: