’چل جوانا‘، الٹی ٹوپی گینگ بہار کے دن کرکٹ کھیل کر گزارنے کو تیار
’چل جوانا‘، الٹی ٹوپی گینگ بہار کے دن کرکٹ کھیل کر گزارنے کو تیار
بدھ 17 فروری 2021 12:35
’الٹی ٹوپی گینگ‘ کا ترانہ میچز کے دوران سٹیڈیم میں چلانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
طنز و مزاح بھری ایکٹنگ اور مسکراہٹیں بکھیرتی جملے بازی کی وجہ سے سوشل ٹائم لائنز پر معروف ’پُٹھی (الٹی) ٹوپی گینگ‘ پاکستان سپر لیگ کے نئے ترانے کے ساتھ سامنے آیا تو ’چل جوانا‘ کا نعرہ لگا ڈالا۔
تقریبا چار منٹ دورانیے کی ویڈیو میں مکسم، روپا، مرزا نانی کے ساتھ بھولا ریکارڈ اور غنی ٹائیگر پر مشتمل ’الٹی ٹوپی گینگ‘ کا کہنا ہے کہ وہ بہار کے یہ دن، کرکٹ کھیل کر گزاریں گے۔
کہیں پی ایس ایل فرنچائزز اور کہیں ان کا حصہ بنے کھلاڑیوں کا تقابل کرتے ترانے کے بول شائقین کو پسند آئے تو ریلیز کے بعد محدود سے وقت میں اسے دیکھنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
مزاحیہ ٹون اور جذبات بھرے بول لیے ترانہ سامنے آیا تو دیکھنے والوں نے کہیں ’لو یو ہو گیا‘ کہہ کر خوشی کا اظہار کیا تو کچھ ناظرین ’مزہ آ گیا‘ کا اعتراف کرتے ہوئے ترانہ پیش کرنے والوں کو سراہتے رہے۔
’الٹی ٹوپی گینگ‘ کی پیشکش کو سراہنے والے گفتگو کا سلسلہ لے کر آگے بڑھے تو اسے پی ایس ایل کے آفیشل ترانے سے زیادہ اچھا قرار دے گئے۔ کچھ صارفین تو یہ مطالبہ کرتے رہے کہ ترانے کو میچز کے دوران سٹیڈیمز میں چلایا جائے۔
’الٹی ٹوپی گینگ‘ کے جاری کردہ پی ایس ایل ترانے میں سوشل میڈیا کے معروف کرداروں نے اپنی پرفارمنس سے رنگ بھرے ہیں۔ غنی ٹائیگرز اور بھولا ریکارڈ سمیت دیگر سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ پیش کیے گئے ترانے کو ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا ہے۔
ادھر پی ایس ایل سکس میں شرکت کے لیے غیر ملکی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فرنچائزز کی انتظامیہ اور دیگر سٹاف کا کراچی پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کے علاوہ بھی اب تک متعدد ترانے سامنے آ چکے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
رواں ماہ فروری کی 20 تاریخ سے شروع ہونے والا پی ایس ایل سکس کا میلہ کراچی اور لاہور میں منعقد ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ 20 فروری سے سات مارچ تک کراچی کے نیشنل سٹیڈیم جب کہ دوسرا راؤنڈ 10 مارچ سے 22 مارچ تک لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔