امیتابھ بچن کی سرجری، 'لیموں پانی دھوپ میں چشمہ جیکٹ سوٹ میں‘
اتوار 28 فروری 2021 13:29
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
امیتابھ بچن کے مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے 'شہنشاہ' امیتابھ بچن نے اپنے تازہ ترین بلاگ میں اپنی صحت کے بارے میں اپنے چاہنے والوں کو معلومات فراہم کی ہیں۔ امیتابھ بچن نے لکھا ہے کہ انہیں ایک عارضہ ہے جس کے لیے سرجری کی ضرورت ہے۔
انھوں نے سنیچر کے روز اپنے 4747 دن والے بلاگ 'بچن بول' میں صرف اتنا لکھا کہ 'میڈیکل کنڈیشن۔۔۔ سرجری۔۔۔ نہیں لکھ سکتا۔'
امیتابھ بچن اس سے قبل بھی کئی بار سرجری سے گزر چکے ہیں۔ ایک بار جب ان کی فلم 'قلی' کی شوٹنگ کے دوران انھیں چوٹ لگی تھی تو انھیں کئی مراحل میں سرجری سے گزرنا پڑا تھا اور وہ اس کے بعد صحت یابی کو اپنا دوسرا جنم مانتے ہیں۔
امیتابھ بچن کی اس پوسٹ کے آنے کی بات تھی کہ ان کے مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔
امت ناڈکر نامی ایک صارف نے ان کے بلاگ پر لکھا کہ 'میرے سب سے پیارے امت جی، نمستے، پرنام۔ برائے مہربانی کسی قسم کی ٹینشن نہ لیں۔ کچھ بھی نہ لکھیں۔ ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کریں۔ آپ کی جلد صحتیابی کے لیے ہم دعاگو ہیں۔ خدا آپ کی ہرچیز سے حفاظت کرے۔ بے پناہ محبت اور اپنا خوب خیال رکھیں اور پوری طرح سے آرام کریں۔'
ان کی پوسٹ پر زیادہ تر لوگوں نے پوچھا ہے کہ انھیں کیا ہوا ہے۔
اس سے قبل گذشتہ سال جولائی میں امیتابھ بچن نے بتایا تھا کہ انھیں، ان کی بہو ایشوریہ رائے اور ان کی پوتی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ کئی دنوں تک ہسپتال میں داخل رہے تھے اور اس دوران وہ اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے رہے تھے۔
امیتابھ بچن 78 سال کے ہیں لیکن وہ فلموں میں محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر بہت سرگرم رہتے ہیں۔
ان دنوں وہ 'مے ڈے' کی شوٹنگ میں مشغول تھے۔ اس فلم میں وہ اداکار اجے دیوگن کے ساتھ ہیں اور چند روز قبل انھوں نے فلم کے شوٹنگ سیٹ سے کچھ تصاویر شیئر کی تھیں۔
ان میں سے ایک میں وہ لیموں پانی پی رہے تھے اور تندرست نظر آ رہے تھے۔ اور اس کے ساتھ انھوں نے اپنے انداز میں ایک تبصرہ بھی کیا تھا کہ 'لیموں پانی دھوپ میں۔۔۔ چشمہ جیکٹ سوٹ میں۔۔۔!'
اس سے قبل امیتابھ بچن 'گلابو شتابو' فلم میں ایوشمان کھرانہ کے ساتھ نظر آئے تھے۔ یہ فلم ایمازون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ وہ 'کون بنے گا کروڑپتی' کے 12 ویں سیزن میں بھی نظر آئے۔
لیکن انھوں نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم 'چہرے' کی ریلیز کی تاریخ شیئر کی تھی جو کہ 30 اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی فلم 'جھنڈ' 18 جون کو ریلیز ہو رہی ہے۔