دبئی میں سرکاری خدمات کی فیسوں کی معطلی میں توسیع
فیسوں کی معطلی میں 2023 کے آغاز تک توسیع کی گئی ہے۔(فائل فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر دبئی میں سرکاری خدمات کی فیسوں کی معطلی میں 2023 کے آغاز تک توسیع کی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ فیسوں کی معطلی میں توسیع کا فیصلہ اقتصادی، سماجی اور ذہنی استحکام کے لیے کیا گیا ہے۔
امید کی جاتی ہے کہ اس کی بدولت دبئی میں مسابقت کا ماحول مضبوط ہوگا۔ سرمایہ کاروں کو راحت ملے گی اور پائیدار ترقی کا پہیہ چلتا رہے گا۔
شیخ حمدان نے کہا کہ دبئی میں مقیم مقامی شہریوں اور غیرملکیوں کے حالات کو مدنظر رکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سے وبا کے دوران پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ دبئی کی حکومت چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں لچکدار رویے پر یقین رکھتی ہے۔
دبئی کے ولی عہد نے بتایا کہ فیسوں کی معطلی میں توسیع کے ساتھ ساتھ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس دوران کوئی نئی فیس نہیں مقرر کی جائے گی البتہ نئی خدمات پر فیس والا معاملہ اس سے مستثنی ہوگا۔