پاکستانی نیول چیف کی امارات کی عسکری قیادت سے ملاقات
پاکستانی نیول چیف کی امارات کی عسکری قیادت سے ملاقات
جمعہ 12 مارچ 2021 13:37
نیول چیف کی امارات مسلح افواج کے چیف آف سٹاف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت ہوئی (فوٹو: پاکستان نیوی)
پاکستان کے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹینٹ جنرل حماد محمد تھانی الرمیتھی اور کمانڈر نیول فورسز ریئر ایڈمرل (پائلٹ) سعید بن حمدان النہیان سے ملاقاتیں کی ہیں۔
پاکستانی نیوی کے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کے پریس ریلیز کے مطابق ایڈمرل محمد امجد خان کو متحدہ عرب امارات بحریہ کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔
چیف آف دی نیول سٹاف نے ابوظہبی میں قائم جہاز سازی کی صنعت، نیول فورسز انسٹی ٹیوٹ اور گھنٹ آﺅٹ نیول بیس کا دورہ بھی کیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز سے ملاقات کے دوران باہمی بحری تعاون اور علاقائی بحری سکیورٹی کے امور زیرِ بحث آئے۔‘
نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
نیول چیف نے پاکستان کی بین الاقوامی بحری مشق امن۔21 میں شرکت پر یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے مشترکہ بحری سکیورٹی اور مشق امن۔ 21 کے کامیاب انعقاد کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔
بعدازاں، متحدہ عرب امارات مسلح افواج کے چیف آف سٹاف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول باہمی دفاعی تعاون کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
نیول چیف نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے روابط بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور باہمی روابط کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’نیول چیف کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے مابین باالخصوص دفاعی تعلقات میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔‘
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے سربراہ پاکستان بحریہ کا استقبال کیا اور انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔