امارات میں کورونا کے نئے کیسز دو ہزار سے کم
وائرس کے متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار 397 ہوگئی ہے۔(فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد دو ہزار سے کم ہوگئی ہے۔ پچھلے چو بیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 992 نئے کسیز کی تصدیق ہوئی ہے۔
نئے مریض مختلف قومیت سے ہیں، ان سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی ’وام‘ نے وزارت صحت و تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ ملک میں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار 397 ہوگئی ہے۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے مزید دو لاکھ 32 ہزار 901 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران زیرعلاج مریضوں میں سے مزید سات مریض چل بسے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 395 ہوگئی۔
وزارت نے شہریوں اور مقیمین سے احتیاطی تدابیر سماجتی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔
وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید دو ہزار 169 مکمل صحتیاب ہوگئے۔ مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 5 ہزار 647 ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 24 ہزار 189 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔ اب تک 65 لاکھ 40 ہزار 912 شہریوں اور مقیمین کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔