Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزے کی تبدیلی، ویکسین لگوانا لازمی، ورکرز کے لیے اجرت، رمضان و عید کی تاریخ سمیت گذشتہ ہفتے سعودی عرب میں کیا ہوا؟

رمضان کے دوران رعایتی سیل کے پرمٹ 14 اپریل سے جاری ہوں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)
رمضان کا مہینہ قریب آتے ہی جہاں سعودی عرب میں مکہ و مدینہ میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں وہیں وبائی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
گزشتہ ہفتے بھر کے دوران سعودی عرب میں ملازمت کے لیے لازمی اسناد اور ان کی تصدیق کے مراحل، اقامے کی تجدید، فائنل ایگزٹ سمیت غیر ملکیوں کے لیے ڈیجیٹل سروسز، وزٹ ویزے کو ورک ویزے میں تبدیلی کرنے سے متعلق خبریں توجہ کا مرکز رہیں، وہیں کورونا سے متعلق وزیر صحت کا پیغام، نئے کورونا کیسز پر وزارت صحت کی تشویش بھی اہم موضوعات رہے۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے ویکسین لازمی قرار دیے جانے اور ویکسین لگوانا لازم ہے یا ہر شخص کی اپنی مرضی؟ کا سوال بھی سعودی آڈینس کی توجہ کا مرکز رہا۔

رمضان میں عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے کورونا ویکسین لازمی

سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ یکم رمضان منگل 13 اپریل سے مسجد الحرام میں نماز، عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے اجازت نامے مشروط جاری کیے جائیں گے۔
یہ اجازت نامے ان امیدواروں کو دیے جائیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے یا پہلی خوراک پر 14 دن گزر چکے ہوں گے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  وزارت حج وعمرہ کے عہدیدار نے بتایا کہ اعلی قیادت نے مسجد الحرام مکہ  مکرمہ اور مسجد نبوی کے زائرین اور ان کی خدمت پر مامور اہلکاروں کی صحت و سلامتی کی خاطر مکہ مکرمہ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اور نماز پڑھنے والوں کی تعداد کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تین نکاتی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
خبر کی تفصیل کے لیے وزٹ کریں

مشروط اجازت نامے یکم رمضان سے جاری کیے جائیں گے (فوٹو: اعتمرنا ایپ)

ویکسین لگوانا لازمی ہے یا ہر شخص کی اپنی مرضی؟

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے حلقوں میں گردش کرنے والے ایک اہم سوال کا جواب دیا ہے۔
پوچھا گیا تھا کہ کیا کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے یا ہر شخص کی اپنی مرضی ہے اور کیا ویکسین نہ لگوانے والوں کو بعض سہولتوں سے محروم کردیا جائے گا؟
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’وزارت صحت ان اداروں کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے جو یہ پابندی لگا چکے ہیں کہ ان کے وہی لوگ آ سکتے ہیں جو کورونا ویکسین لگوا چکے ہوں۔ کئی ادارے اپنے یہاں آمد کے لیے بعض پابندیاں خصوصاً ایپلی کیشنز کی شرط بھی لگائے ہوئے ہیں۔‘
مکمل خبر یہاں پڑھیں

کورونا ویکسین بنیادی طور پر لازمی نہیں بلکہ ہر شخص کی اپنی مرضی پر ہے (فوٹو: ایس پی اے)

وزٹ ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کرنا ممکن ہے؟

سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
 ایک شخص نے معلوم کیا ہے کہ ’ نئے نظام کے تحت وزٹ ویزے پر مملکت آئے ہوئے شخص کا اسٹیٹس ورک ویزے میں تبدیل کیاجاسکتا ہے‘؟ 
جوازات کا کہنا تھا کہ ’وزٹ ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کرنا قانونی طور پرممکن نہیں، وزٹ ویزے پرآنے والے کو مقررہ مدت کے بعد واپس جانا ہوتا ہے‘۔ 
واضح رہے مملکت میں  قانون کے مطابق انفرادی وزٹ ویزے پر آنے والے قانونی طورپر کسی قسم کا کام کرنے کے اہل نہیں ہوتے۔ وزٹ ویزے کی مدت مکمل ہونے کے بعد انہیں واپس جانا ہوتا ہے بصورت دیگر وہ غیر قانونی قیام کے زمرے میں شامل کردیئے جاتے ہیں۔ 
سعودی ویزے سے متعلق مکمل خبر یہاں پڑھیں

وزٹ ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کرنا قانونی طور پرممکن نہیں (فوٹو: عرب نیوز)

توکلنا ایپ کے نئے ورژن میں کورونا سے محفوظ افراد کی درجہ بندی
سعودی عرب میں توکلنا ایپ کے نئے ورژن میں صارفین کی درجہ بندی کردی گئی ہے۔ بنیادی طورپر جن افراد کو کورونا نہیں انہیں تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 
ویب نیوز عاجل نے توکلنا ایپ پر کی جانے والی درجہ بندی کے حوالے سے کہا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہیں ان کے توکلنا ایپ پر’محصن‘ (پروٹیکٹڈ) لکھا جاتا ہے۔
وہ افراد جنہوں نے کورونا ویکسین کی ایک خوراک لی ہے جبکہ دوسری لینا باقی ہے ان کی ایپ پر’محصن بالجرعہ الاولی‘ ( پہلی خوارک کے محفوظ)۔ 
ایسے افراد جن کی توکلنا ایپ پر ’محصن متعافی‘ ( محفوظ و صحتیاب) درج ہے اس کا مطلب ہے کہ وہ کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں اس لیے محفوظ ہیں۔ 
یاد رہے وزارت صحت کی جانب سے تجارتی و سرکاری اداروں میں جانے کے لیے لازمی ہے کہ ’توکلنا ‘ ایپ ڈاون لوڈ کی جائے جس میں اکاونٹ بنایا جائے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

وکلنا ایپ کے نئے ورژن میں صارفین کی درجہ بندی کردی گئی ہے (فوٹو: عاجل)

اقامے کی تجدید، فائنل ایگزٹ سمیت غیر ملکیوں کے لیے ڈیجیٹل سروسز
سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکیوں اور مقامی شہریوں کے سرکاری معاملات کی انجام دہی میں سہولت کے لیے وزارت داخلہ بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہے تاکہ لوگوں کو سرکاری خدمات کا حصول آسان ہو۔ 
سال دو ہزار کے بعد سے مملکت میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عام ہونے کے ساتھ ہی وزارت داخلہ نے سب سے پہلے جوازات کے ادارے میں ڈیجیٹل سروسز کا آغاز کیا۔ 
غیر ملکیوں اور شہریوں کے ڈیٹا کو یکجا کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے جوازات کو اس سے منسلک کیا گیا جس کے لیے ڈیٹا بیس سینٹر قائم کیا گیا جہاں مرحلہ وار لوگوں کی سرکاری معلومات کو اکھٹا کیا گیا۔  
ڈیجیٹل سروسز کے ساتھ جوازات میں سسٹم کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کارڈ اقامہ کا اجرا ہوا جس کے بعد اقامہ کی تجدید اور خروج وعودہ کے لیے فیس کے حصول کے مراحل کو آسان بناتے ہوئے کوپن سسٹم ختم کرکے اسے بینک اکاونٹ کے ذریعے ادائیگی میں تبدیل کیا گیا۔ 
شہریوں اور غیر ملکیوں کے ڈیٹا کو فنگر پرنٹ سسٹم سے منسلک کیا گیا تاکہ لوگوں کی معلومات جدا اور محفوظ رہیں۔
ڈیجیٹل سروسز کے متعلق تفصیل یہاں پڑھیں

سعودی عرب میں ہر شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے لوگوں کے لیے سرکاری خدمات کا حصول آسان ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی عرب میں ملازمت کے لیے لازمی اسناد اور ان کی تصدیق کے مراحل
سعودی عرب میں نئے قانون کے بعد پاکستان و دیگر ممالک سے آنے والے کارکنوں کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتی اسناد کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ 
تعلیمی اورپیشہ ورانہ اسناد و ذاتی قابلیت مملکت میں ملازمت کے حصول کےلیے اہم و بنیادی شرط ہوگی جس کے تحت کارکنوں کو عملی طورپر مملکت آنے سے قبل اور یہاں آنے کے بعد پیشہ ورانہ ٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔
مقررہ ٹیسٹ کامیاب کرنے والوں کے لیے مملکت میں روزگار کے کافی مواقع میسرآئیں گے۔ 
سعودی عرب آنے والے کارکنوں کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ وہ اپنی اسناد کا عربی میں ترجمہ کرانے کے بعد اسے پاکستانی وزارت خارجہ و بعدازاں سعودی سفارتخانے یا قونصلیٹ سے تصدیق کرائیں۔ 
سعودی عرب آنے کے بعد مذکورہ تصدیق شدہ اسناد کو سعودی وزارت خارجہ سے بھی تصدیق کرانا ہوتی ہے۔ اسناد کی تصدیق کے مراحل کا مقصد جعل سازی کی روک تھام کرنا ہے۔ 
تعلیمی یا پیشہ ورانہ کالجز کی جانب سے جاری ہونے والی اسناد کی تصدیق پاکستانی وزارت خارجہ کرتا ہے بعدازاں پاکستان میں موجود سعودی سفارتخانہ وزارت خارجہ کی جانب سے کی جانے والی اٹیسٹیشن کی تصدیق  کرتا ہے۔
سعودی عرب میں ملازمت کے لیے اسناد اور ان کی تصدیق کی تفصیل یہاں پڑھیں

ہر روز کورونا کے نئے کیسز بڑھ رہے ہیں، صورتحال تشویشناک: وزارت صحت
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ان دنوں سعودی عرب میں کورونا وبا کے حالات اپریل 2020  سے ملتے جلتے لگ رہے ہیں۔ وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کی پابندی ناگزیر ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے اتوار کو مملکت میں کورونا وبا کی نئی صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس کی ہے۔ 
ترجمان نے کہا کہ سال رواں کے شروع سے کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ اعدادوشمار ایسے ہیں جیسا کہ گزشتہ برس ان دنوں ریکارڈ پر آئے تھے۔ 
انہوں نے کہا کہ آج کل جو حالات ریکارڈ پر آرہے ہیں- وہ کورونا وبا کی شروعات سے بڑے ملتے جلتے ہیں۔ 
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

سعودی عرب میں کورونا وبا کے حالات اپریل 2020  سے ملتے جلتے لگ رہے ہیں (فوٹو: سبق)

کورونا کے نئے کیسز بڑھنے پر وزیر صحت کا خصوصی پیغام
سعودی عرب میں سات ماہ بعد پہلی بار کورونا وائرس کے نئے مصدقہ کیسز 700 کی حد عبور کرنے پر وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر ضوابط کی ہر پابندی اور ہر خلاف ورزی کا نتیجہ ہر دن نئے کیسز میں کمی بیشی کی صورت میں نمودار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز کے اعداد وشمار وبا سے بچاؤ کے لیے مقرر ضوابط کی پابندی یا خلاف ورزی کا پیمانہ ہیں۔ 
وزیر صحت نے کہا کہ ہم اب بھی منفی عمل سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔ شروعات خود سے کریں اور پھر اپنے اطراف کے لوگوں سے حفاظتی ماسک، سماجی فاصلے، پابندی سے ہاتھ دھوتے رہنے، ہاتھوں کی سینیٹائزنگ اور بھیڑ بھاڑ سے پرہیز کا اہتمام کرائیں۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

’بکرا منڈی میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ غیر ملکی ہیں‘
صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے سعودی شہری عبد الرحمن العجیمی نے کہا ہے کہ بکرا منڈی میں قیمتوں میں اضافہ منافع خور تاجر اور غیر ملکیوں کی وجہ سے ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’کسی بھی قسم کے غذائی مواد کا جائزہ لیں یا سبزی اور پھلوں کو دیکھ لیں، ہر چیز کی قیمت میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے سوائے مویشیوں کے‘۔
’ان قیمت میں ہمیشہ اضافہ ہی ہوتا رہتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ بکرا منڈی پر غیر ملکیوں کا قبضہ ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’بکرا منڈی پر 90 فیصد غیر ملکی چھائے ہوئے ہیں جو من مانی کرتے رہتے ہیں‘۔
خبر کی تفصیل کے لیے وزٹ کریں

 ’بکرا منڈی پر 90 فیصد غیر ملکی چھائے ہوئے ہیں جو من مانی کرتے رہتے ہیں‘ (فوٹو: الیوم)

جدہ ایئر پورٹ کا نارتھ ٹرمینل عمرہ زائرین کے لیے مخصوص
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی صدارت میں مرکزی حج کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں رمضان کے دوران زائرین کی خدمت پر مامور اداروں کی سکیموں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ نے ہدایت کی کہ تمام ادارے زائرین کی خدمت کے لیے 24 گھنٹے تیار رہیں۔ ایک دوسرے سے رابطے کا معیار بلند کریں۔ زائرین کی صحت و سلامتی  کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا اہتمام کیا جائے۔
وزارت حج و عمرہ نے اجلاس کے دوران رمضان سکیم  پیش کی۔ جس میں بتایا گیا کہ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے بڑی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔ اس بات کا خیال بھی رکھا گیا ہے کہ زائرین کورونا سے بچاؤ کی تمام تدابیر کی سختی سے پابندی کریں۔ 
وزارت حج و عمرہ نے طے کیا ہے کہ رمضان میں عمرہ اور زیارت کے اجازت نامے توکلنا ایپ کے ذریعے وائرس سے محفوظ زمروں میں شامل افراد کو ہی دیے جائیں گے۔
عمرہ زائرین سے متعلق تفصیل یہاں پڑھیں

وزارت حج و عمرہ نے اجلاس کے دوران رمضان سکیم  پیش کی (فوٹو: سبق)

سعودی عرب: پہلا روزہ منگل جبکہ عید الفطر 13 مئی کو متوقع
 ماہرفلکیات ڈاکٹر خالد الزعاق نے کہا ہے کہ فلکیاتی مطالعہ سے کیے جانے والے تجزیے کے مطابق سعودی عرب میں پہلا روزہ بروز منگل 13 اپریل کو متوقع ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 نے ماہر فلکیات کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ امسال 30 روزے اورماہ رمضان المبارک میں چار جمعہ ہوں گے جبکہ عید الفطر 13 مئی کو ہونے کی توقع ہے۔
ڈاکٹر خلد الزعاق نے مزید کہا کہ فلکیاتی مطالعہ کے مطابق اتوار کی شام غروب آفتاب کے بعد چاند کی پیدائش کا دور دور تک امکان نہیں۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

امسال 30 روزے اورماہ رمضان المبارک میں چار جمعہ ہوں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)

’رمضان  رعایتی سیل‘ کےلیے پرمٹ 14 اپریل تک جاری ہوں گے
وزارت تجارت نے رمضان المبارک کے حوالے سے رعایتی نرخوں پر سامان فروخت کرنےوالے اداروں کو ’سیل پرمٹ‘ جاری کرنے شروع کردیے۔

پرمٹ 14 اپریل تک جاری کرائے جاسکتے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

پرمٹ 14 اپریل تک جاری کرائے جاسکتے ہیں۔ ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے جو بھی تجارتی اشیا کو رمضان المبارک کے موقع پر رعایتی نرخوں میں فروخت کرنے کے خواہاں ہیں وہ وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کرکے پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ رواں برس کی پہلی سہہ ماہی کے دوران وزارت کی جانب سے 29 ہزار ’سیل پرمٹ‘ جاری کیے گئے جو 50 لاکھ تجارتی اشیا کے حوالے سے تھے جبکہ پرمٹ کے اجرا کی مہم سے اب تک مملکت کے تمام شہروں کے لیے 3 لاکھ سیل پرمٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔
خبر کی تفصیل کے لیے وزٹ کریں
پچاس سال سے زیادہ عمر کے ورکرز کے لیے کم از کم اجرت نافذ
سعودی عرب کی جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس نے 50 سال سے زیادہ عمر کے ورکرز کے لیے نئی اجرت کا نفاذ کر دیا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق گذشتہ برس نومبر میں اُجرت بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
آجروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سعودی ورکرز جو 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہیں، ان کی اجرت بڑھانی چاہیے اور ان کی ماہانہ اجرت کم سے کم چار ہزار ریال کی جائے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

شیئر: