ایئر ٹیگ یا پَرپل آئی فون؟ ایپل کی نئی مصنوعات کب اور کتنے میں؟
ایپل نے پرائیویسی پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے رواں سال کی پہلی اہم تقریب منعقد کی ہے جس میں پرپل آئی فون 12 کے موجودہ ماڈل سمیت کئی اپڈیٹس کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایپل کی نئی مصنوعات میں ایک بٹن نما آلہ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جو صارفین کو ان کی ایپل مصنوعات کی ٹریکنک میں مدد دے گا۔
خلیجی ملکوں میں ایپل کے صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ تمام نئی مصنوعات خطے میں رواں ماہ کے اختتام تک دستیاب ہوں گی۔
کپرٹینو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں لانچ کئی گئی نئی مصنوعات کی متحدہ عرب امارات میں قیمت اور دستیابی کے حوالے سے تفصیل بھی بتائی گئی۔
ایئر ٹیگ کی قیمت 129 درہم سے شروع ہوگی اور اس کے لیے آرڈرز 23 اپریل سے لیے جائیں گے جبکہ 30 اپریل تک ڈیلیوری ہوگی۔
آئی میک 24 انچ سات مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت ساڑھے پانچ ہزار درہم سے شروع ہوگی۔ اس کے لیے آرڈرز 30 اپریل سے لیے جائیں گے جبکہ فراہمی مئی کی 15 تاریخ کے بعد ہوگی۔
ایپل ٹی وی فور کے کی قیمت 729 درہم سے شروع ہوگی جبکہ اس کے لیے بھی آرڈرز 30 اپریل سے ہی بُک ہوں گے۔
ایم ون چِپ کے ساتھ آئی پیڈ پرو کی قیمت تین ہزار 199 درہم سے شروع ہوگی۔
کمپنی کے مطابق نئے آئی فون 12 میں صرف رنگ کے حوالے سے اپڈیٹس آئی ہیں اور یہ اسی قیمت میں دستیاب ہوگا جس میں آئی فون 12 کے دیگر ماڈلز دستیاب ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اگلے ہفتے آئی او ایس میں نئی اپڈیٹس آرہی ہیں جس میں سب سے زیادہ تبدیلیاں پرائیویسی کے حوالے سے ہوں گی۔