کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کے بارے میں افواہوں کی تردید
کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کے بارے میں افواہوں کی تردید
منگل 4 مئی 2021 11:24
ویکسین کی دستیابی کے بعد دوسری خوراک کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی وزارت صحت نے سوشل میڈیا پر ان دعوؤں کو مسترد کیا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ وہ لوگ جو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کا انتظار کر رہے ہیں وہ کسی سائیڈ ایفکیٹ کے باعث نہیں دی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت صحت نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر گذشتہ روز اتوار کو متعدد متنازعہ دعووں کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرتے ہوئے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو یقین دلایا ہے کہ اس میں کسی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر فراہمی میں کمی کے باعث التوا کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کورونا ویکسین کی دستیابی کے بعد دوسری خوراک کے لئے شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے 10 اپریل کو اعلان کیا گیا تھا کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کے منتظر افراد کے لئے تمام بکنگ کو ملتوی کیا جا رہا ہے۔
کورونا ویکسین کی نئی خوراک کی فراہمی کی صورت میں دوسرے انجکشن کے لیے بکنگ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العلی کے مطابق 75 سال سے زائد عمر کے افراد کو اس اصول سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا اور انہیں کسی قسم کی بکنگ کی ضرورت کے بغیر ان کی مقررہ دوسری خوراک فراہم کی جائے گی۔
وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا کے مریضوں کے یومیہ کیسز کی تعداد لگاتار دوسرے دن بھی ایک ہزار سے کم ہوگئی ہے۔
گذشتہ روزپیر کو953 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد سعودی عرب میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 4 لاکھ 20 ہزار301 ہو گئی ہے۔
اسی طرح گذشتہ روز اس بیماری سے صحت مند ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار38 بتائی گئی ہے۔ صحت مند ہونے والے کل افراد کی تعداد چارلاکھ 3702 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں صحت مند ہونے والے افراد کی شرح 96 فی صد بتائی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 نئے مریضوں کو آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ مجموعی طور پر 13 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار992 ہو گئی ہے۔