جلاوطن ترک مافیا ڈان کے دعوے، اردوغان حکومت دباؤ میں
جلاوطن ترک مافیا ڈان کے دعوے، اردوغان حکومت دباؤ میں
پیر 24 مئی 2021 8:49
مافیا ڈان نے سابق ترک وزیراعظم کے بیٹے پر منشیات سمگلنگ کا الزام لگایا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
جلاوطن ترک مافیا کے ڈان کی جانب سے ترکی میں مبینہ ریاستی کرپشن کے حوالے سے ویڈیوز میں لگائے گئے سنگین الزامات نے انقرہ پر دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے۔
دبئی میں رہائش پذیر سیدات پیکر ترکی کے کئی اہم سیاست دانوں کے بارے میں دعوے کر کے ہیڈلائنز میں جگہ پا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر طوفان برپا کیے ہوئے ہیں۔
سیدات پیکر کی ویڈیوز میں وہ حکومتی شخصیات کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کی بابت بتاتے ہیں اور ایسے حکام کے خلاف انتقام کا مطالبہ کرتے ہیں جنہوں نے ان کو بدنام کر کے اُن کے مخالف مافیا لیڈر الاتن کاکیسی کو فائدہ پہنچایا جو گزشتہ برس جیل سے رہا کیے گئے تھے۔
پیکر کی ویڈیوز اس قدر مقبول ہیں کہ آئی ایم ڈی بی نے ان کی قسط وار درجہ بندی کرتے ہوئے چھوٹی سی ٹی وی سیریز میں بائیوگرافی، کرائم اور ریاللٹی ٹی وی کے تحت نام دیے ہیں۔
دنیا کی بڑی ویڈیوز سائٹ یوٹیوب نے سیدات پیکر کے چینل کو ویریفائی کرتے ہوئے بلیو چیک مارک دیا ہے اور ان کی چھٹی ویڈیو دس لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔
اتوار کو جاری کی گئی اپنی ساتویں ویڈیو میں سابق مافیا ڈان نے الزام لگایا ہے کہ ترکی کے سابق وزیر داخلہ محمد اغر اور پولیس سربراہ نے سنہ 1993 میں تحقیقاتی صحافی یوغر مومکو کو کار بم دھماکے میں قتل کرایا تھا۔
صحافی مومکو نے اُس وقت حکومت کی کرپشن کی کئی خبریں سامنے لائیں اور ترک انٹیلی جنس کے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے تعلقات پر تحقیق کر کے کئی رازوں سے پردہ اٹھایا۔
سیدات پیکر کے مطابق اُس وقت وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ اگر ہم ایک اینٹ نکالتے ہیں تو پوری دیوار گر جائے گی۔
مافیا ڈان نے الزام لگایا ہے کہ ترک حکومت کے وزرا اور ان کے اہلخانہ بین الاقوامی ڈرگ سمگلنگ میں ملوث ہیں۔
سیدات پیکر کے کچھ عرصے قبل تک اعلیٰ حکومتی شخصیات سے قریبی مراسم تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی تلاش میں ترک آفیشل ٹیم متحدہ عرب امارات پہنچی اس لیے انہوں نے اپنا ٹھکانہ بدل دیا ہے اور جس ہوٹل میں رہائش پذیر تھے وہ چھوڑ دیا۔
سیدات پیکر کے مطابق 'انہوں نے مجھے استعمال کر کے بہت مال کمایا۔ اب مجھے ہر بات کا علم ہے۔ یہ شرمندگی کی بات ہے اور اب اپنے فائدے کے لیے مجھے کوئی مزید استعمال نہیں کر سکے گا۔'
انہوں نے ایک الزام سابق ترک وزیراعظم ارکان یلدرم کے بیٹے پر بھی لگایا کہ وہ جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا کے لگاتار دورے اس لیے کر رہے تھے کہ ترکی کے لیے نیا ڈرگ روٹ تلاش کر سکیں۔