کارکنوں کے حقوق کی جلد فراہمی کےلیے وزارت انصاف کی نئی سروس
کارکنوں کے حقوق کی جلد فراہمی کےلیے وزارت انصاف کی نئی سروس
جمعرات 3 جون 2021 19:58
لیبر جوڈیشری یونٹ نے لیبر کیلکولیٹر سروس کا پہلا ایڈیشن جاری کیا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت انصاف نے کارکنان کے حقوق تیزی سے دلانے اور عدالتی کارروائی میں سہولت کے لیے ’لیبر کیلکولیٹر سروس‘ متعارف کرادی-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت انصاف کے ماتحت ریسرچ سینٹر اور لیبر جوڈیشری یونٹ نے لیبر کیلکولیٹر سروس کا پہلا ایڈیشن جاری کیا ہے-
نئی فراہم کی جانے والی خدمت کا مقصد لیبر کورٹس کی کارروائی میں تیزی لانا اور کارکنان کے حقوق کی جلد فراہمی کو یقینی بنانا ہے-
لیبر کیلکولیٹر سروس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ کارکنان کے حلقوں میں اپنے حقوق کا شعور بیدار ہو- قانون محنت اور اس کے لائحہ عمل پر عملدرآمد میں سہولت ہو- آجروں کے ساتھ مالیاتی تنازعات اور حقوق کے بارے میں اختلافات کو طے کرنے کا طریقہ کار کارکنان کے ذہنوں میں واضح ہو-
لیبر کیلکولیٹر کا ایک اور مقصد یہ بھی ہے کہ کارکنان کے حقوق سے متعلق حساب کتاب جلد اور شفاف طریقہ سے ہوں- اس امر کو یقینی بنانے کے لیے لیبر کیلکولیٹر سروس میں کارکنان کے حقوق کی درجہ بندی کی گئی ہے- اس میں یہ بتانے کی کوشش بھی کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی حق تلفی پر معاوضہ کس طرح اور کتنا حاصل کرسکتے ہیں-
وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ لیبر کیلکولیٹر سروس کے پہلےمرحلے میں قانون محنت میں مذکور اہم حقوق بیان کیے گئے ہیں-
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مکافہ نہایۃ الخدمہ (اینڈ آف سروس)، چھٹی کے محنتانے، پارٹ ٹائم سروس کا محنتانہ، ناحق ملازمت ختم کرنے کا معاوضہ، سروس کے دوران چھٹی کے ایام کی تعداد، غیرحاضری اور تاخیر کے نام پر تنخواہ کاٹنے والے امور اور اوسط محنتانہ سمیت تمام امور کااحاطہ کیا گیا ہے-
لیبر کیلکولیٹر پروجیکٹ ریسرچ سینٹر اور لیبر جوڈیشری یونٹ نے کئی مراحل میں تیار کیا ہے-