آئل ٹینکر پر حملہ: اقوام متحدہ ایران کے خلاف کارروائی کرے، اسرائیل
آئل ٹینکر پر حملہ: اقوام متحدہ ایران کے خلاف کارروائی کرے، اسرائیل
ہفتہ 31 جولائی 2021 9:28
اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ایران دہشت گردی اور تباہی کا ایکسپورٹر ہے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیل نے ایران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے عمان میں ایک اسرائیلی ملکیتی کمپنی کے ٹینکر پر حملہ کیا اور اس کو سخت جواب دینے کی ضرورت ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے آئل ٹینکر پر حملے کے بعد ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی جانب سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹوئٹر پر اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے واشنگٹن اور لندن میں اپنے سفارت خانوں اور اقوام متحدہ میں اپنے نمائندوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ حکومتوں اور عالمی ادارے کے ہیڈکوارٹرز میں رابطے کریں۔‘
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپیڈ نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے برطانوی سیکریٹری خارجہ سے بھی بات کی اور زور دیا کہ اس حملے کا سخت جواب دیا جائے جس میں برطانیہ اور رومانیہ کے ایک ایک شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایران صرف اسرائیل کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ دہشت گردی اور تباہی کا ایکسپورٹر ہے، جو ہم سب کے لیے نقصان دہ ہے۔ دنیا کو ایران کے دہشت گردانہ کردار پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔‘
کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دو عملے کے افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب جمعے کے روز اسرائیلی کمپنی زوڈیئک میری ٹائم کا ٹینکر حملے کی زد میں آیا۔
لندن میں قائم زوڈیئک کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے ہی ایک حملے کا نشانہ بننے والے جاپان کے بحری جہاز کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
قبل ازیں جمعے کو اس کی جانب سے واقعے کو پہلے بحری قذاقی قرار دیا گیا تھا لیکن بعدازاں یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹایم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کا کہنا تھا کہ وہ بحری قذاقی نہیں تھی۔
متمول اسرائیلی خاندان کی ملکیتی کمپنی کے مطابق ’واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور اس حوالے سے ہم یو کے ایم ٹی او اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔‘
کمپنی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ’ایک برطانوی اور رومانی کی ہلاکت کے علاوہ اسے کسی اور نقصان کا علم نہیں ہے۔‘
یو کے ایم ٹی او کا کہنا ہے کہ کشتی عمانی پورٹ کے قریب تھی جب اس کو نشانہ بنایا گیا جبکہ کشتی کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
زوئیڈک کے مطابق اب حفاظتی دستے کے ساتھ جہاز محفوظ مقام پر موجود ہے۔