اینڈرائیڈ کے پرانے ورژن پر اب گوگل نہیں چلے گا
کمپنی نے کہا ہے کہ اس تبدیلی کے بعد بھی اینڈرائیڈ 3.0(ہنی کومب) پر موجود ڈیوائسز گوگل میں لاگ اِن کر سکیں گی (فوٹو: اے ایف پی)
اگر آپ ابھی تک اپنے سمارٹ فون میں اینڈرائیڈ 2.3.7 چلا رہے ہیں تو ستمبر 2021 سے آپ گوگل اکاؤنٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات دینے والی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق گوگل کمپنی نے کہا ہے کہ ’صارفین کو محفوظ رکھنے کی ہماری کاوشوں کے تحت گوگل 27 ستمبر سے ان اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو سائن اِن کی اجازت نہیں دے گا جو اینڈرائیڈ 2.3.7 یا اس سے بھی پرانے ورژن استعمال کر رہی ہیں۔
کمپنی نے مزید کہا ہے کہ ’اگر آپ ایسی ڈیوائس سے 27 ستمبر کے بعد گوگل اکاؤنٹ میں سائن اِن ہونے کی کوشش کریں گے تو آپ کو جی میل، یوٹیوب اور میپس جیسی گوگل مصنوعات استعمال کرتے ہوئے یوزر نیم یا پاس ورڈ ایررز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اینڈرائیڈ 2.3.7 لگ بھگ 10 سال پہلے ریلیز کیے گئے تھے۔
دوسری جانب اس وقت تین ارب سے زائد صارفین اینڈرائیڈ ڈیوائسز استعمال کر رہے ہیں۔ گوگل کی یہ نئی پالیسی بہت سے ایسے افراد کو متاثر کرے گی جو ابھی تک پرانی ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔
گوگل نے کہا ہے کہ ’اگر آپ 27 ستمبر کے بعد بھی اینڈرائیڈ 2.3.7 یا اس سے پرانی ٹیکنالوجی کی حامل ڈیوائس استعمال کریں گے تو آپ گوگل براؤزر سمیت چند گنی چنی سہولیات سے ہی فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘
کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’اس تبدیلی کے بعد بھی اینڈرائیڈ 3.0 (ہنی کومب) پر موجود ڈیوائسز گوگل میں لاگ اِن کر سکیں گی۔