امارات میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 7 لاکھ کے قریب
چوبیس گھنٹے میں ایک ہزار 215 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں جمعہ 13 اگست کو کورونا کے ایک ہزار 215 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
نئے مریض مختلف قومیت سے ہیں، ان سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 6 لاکھ 99 ہزار 381 ہوگئی ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ ’پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے مزید 2 لاکھ 77 ہزار 855 ٹیسٹ کیے گئے ہیں‘۔
وزارت نے بتایا کہ ’وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید ایک ہزار 390 مکمل صحتیاب ہوگئے۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 6 لاکھ 76 ہزار 956 ہوگئی ہے‘۔
بیان کے مطابق ’پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے زیرعلاج مریضوں میں سے مزید 2 مریض چل بسے، مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 994 ہوگئی‘۔
وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق’ پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا ویکسین کی مزید 24 ہزار 845 خوراکیں دی گئی ہیں‘۔
امارات میں اب تک کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 73 لاکھ 13 ہزار 163 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔