محایل عسیر میں دو ٹرکوں میں تصادم، آگ لگ گئی
حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہے(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں عسیر ریجن میں محایل عسیر اور ابہا کو جوڑنے والے شعار درے میں دو ٹرکوں کے درمیان تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں زبردست آگ لگ گئی۔
اخبار 24 کے مطابق ٹرکوں میں آتشزدگی کے منظر پر مشتمل وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ دونوں ٹرکوں کو زبردست نقصان پہنچا۔ تصادم کے باعث شعار درے کا ٹریفک معطل ہوگیا۔
ٹریفک ذرائع کا کہنا ہے کہ ’حادثے کے فوری بعد متعلقہ اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ٹریفک کو منظم کیا‘۔
گاڑیوں کے مالکان اور جائے حادثہ پر جمع ہونے والوں کو جائے وقوعہ سے منتشر کیا۔ متاثرہ ٹرکوں کو سڑک سے ہٹایا اور درہ دوبارہ ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا۔
محکمہ ٹریفک نے بیان میں کہا کہ اس حادثے میں ایک شخص جھلس گیا جبکہ حادثے کے اسباب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہے۔