Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں کو ماسک پہننے پر کیسے راضی کیا جائے؟

گھر سے نکلتے ہوئے بہت سے والدین اپنے بچوں کو ماسک پہننے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ انہیں کورونا وائرس کی وبا سے بچایا جاسکے۔
پہلے تو بچوں کو ماسک پہنانے کا یہ سلسلہ کبھی کبھار تک محدود تھا لیکن جیسے جیسے سکولوں کی چھٹیاں ختم ہو رہی ہیں، والدین پر اس ذمہ داری کا بوجھ بڑھ رہا ہے، کیونکہ انہیں اپنے بچوں کو ماسک پہننے پر آمادہ کرنا اور اسے سکول کے اندر نہ اتارنے پر قائل کرنے کے لیے مختلف طریقے اپنانا پڑ رہے ہیں۔
سیدتی میگزین کی ایک رپورٹ میں متعدد ڈاکٹروں اور ماہرین نفسیات نے والدین کو تجاویز دی ہیں کہ وہ بچوں سے ماسک کی پابندی کیسے کرائیں۔
والدین کو پہلے اپنے بچے کی عادات کے بارے میں جاننا چاہیے کیونکہ ہر بچہ دوسرے سے مختلف  ہوتا ہے۔ کچھ وقت نکال کر والدین کو سوچنا چاہیے کہ ان کا بچہ ماسک  پہننے پر کیسے راضی ہو سکتا ہے۔
نیمورس الفریڈ آئی ڈوپونٹ ہسپتال میں بچوں اور خاندانی خدمات کی سینئر ڈائریکٹر جینیفر شیولا کے مطابق والدین کو اپنے بچوں کو اچھی طرح جاننے کے لیے شروع میں کافی وقت لگتا ہے۔
انہوں نے  مشورہ دیا ہے کہ وہ بچوں کو چہرے ڈھانپنے کی حکمت عملی بتانے سے پہلے اپنے آپ سے چند سوالات پوچھیں کہ میرے بچے کے لیے کیا ضروری ہے؟ میرا بچہ معلومات کو کیسے سمجھتا ہے؟ میرا بچہ  بیرونی دنیا کے بارے میں کتناعلم  رکھتا ہےاور کتنا باخبر ہے؟ ماسک اسے کس حد تک پریشان کر سکتا ہے؟
ماہرین نے بتایا کہ کم عمر افراد چہرے کا ماسک پہننے کی اہمیت نہیں سمجھ سکتے، لہذا والدین کو سادہ گفتگو کے بجائے مختلف طریقے اپنا کر بچوں کو سمجھانا چاییے۔
بچوں سے کچھ مثالیں شیئر کریں جیسے وائرس ایک برا آدمی ہے، اور ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے پھیپھڑوں اور جسم کو اس سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

ماہرین کے مطابق والدین کو پہلے اپنے بچے کی عادات کے بارے میں جاننا چاہیے کیونکہ ہر بچہ دوسرے سے مختلف  ہوتا ہے: فوٹو اے ایف پی

ماہرین کے مطابق بچوں کو ماسک کے بارے میں قائل کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ انہیں اس عمل کا حصہ بنایا جائے، بچوں کو اپنے لیے ماسک کا انتخاب کرنے دیں، اس کی تیاری میں انہیں شامل کریں۔
ایک بار جب والدین اپنے بچوں کو چہرا ڈھانپنے کے خیال پر راضی کر لیں تو انہیں صحیح طریقے سے ماسک پہننا سکھانا چاہیے اور اسے ان کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
ماہر نفسیات سواریز کے مطابق والدین اپنے بچوں کو ماسک سے متعارف کرانے کے لیے گھر میں ان کے سامنے ماسک پہنیں، بچوں کو ماسک پہننے اور خود کو اس حال میں آئینے میں دیکھنے پر آمادہ کریں تا کہ وہ اسے اپنا معمول بنا سکیں۔
چلڈرن مرسی ہسپتال کے چائلڈ سائیکالوجسٹ جل رابرٹسن نے تجویز کیا کہ والدین کے لیے ماسک پہن کر بچوں کے ساتھ کھیلنا بھی بہتر طریقہ ہے۔
بچوں کے سامنے کسی بات کا بار بار ذکر کرنا یا انہیں یاد دلاتے رہنا بھی مفید طریقہ ہے۔ چھوٹے بچوں کو ذہن نشین کرانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو اس موضوع کے بارے میں ایک سے زیادہ بار بات کرنی پڑے گی تاکہ آپ کے بچے چہرے کو ڈھانپنے کو سنجیدگی سے لیں اور کورونا وائرس کے پیداکردہ حالات کی سنگینی کو سمجھیں۔

 

شیئر: