پاکستان کے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے دوروں کی منسوخی کی وجہ سے پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کے خلاٖف قانونی کارروائی کرنے کے لیے وکلاء سے مشورے کر رہا ہے۔
وزیر اطلاعات سمجھتے ہیں کہ دونوں ٹیموں کے دورے منسوخ کرنے کے پیچھے ایک ’بین الاقوامی لابی‘ ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے لکھا کہ ’پاکستان کے خلاف ایک مخصوص بین الاقوامی لابی مصروف عمل ہے لیکن ہمیں جھکانے کی خواہش رکھنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، یہ غلط فہمی جلد دور کرلیں۔‘
وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے ملتا جلتا بیان دو روز قبل پاکستان کے وزیرداخلہ شیخ رشید بھی دے چکے ہیں جب انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازش ’دستانے پہنے ہوئے ہاتھ‘ کررہے ہیں۔
واضح رہے 17 ستمبر کو پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں پہلے میچ سے قبل نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے سیکورٹی خدشات کے باعث اپنا دورہ ملتوی کردیا تھا۔ اانگلینڈ کی ٹیم جس نے اکتوبر کے مہینے میں ٹی 20 سیریز کھلینے پاکستان آنا تھا اس کا دورہ بھی کل انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کےدوروں کی منسوخی سے PTV کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا دونوں بورڈز کے خلاف قانونی کاروائ کیلئے وکلاء سےمشورہ کریںنگے، پاکستان کیخلاف ایک مخصوص بین القوامی لابی مصروف عمل ہے لیکن ہمیں جھکانے کی خواہش رکھنےوالے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے یہ غلط فہمی جلد دور کر لیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 21, 2021