تشدد اور بلیک میلنگ کیس:عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد
ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ (فائل فوٹو)
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ای الیون میں لڑکی لڑکا تشدد اور بلیک میلنگ کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے فرد جرم عائد کی۔
ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ سماعت کے وقت ملزمان کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی۔
مرکزی ملزم عثمان مرزا کے علاوہ شریک ملزمان عطا الرحمن، ادارس قیوم بٹ، ریحان، عمر بلال مروت، محب بنگش، فرحان شاہین پر بھی فرد جرم عائد کیا گیا ہے۔
فرد جرم کے بعد ملزمان کے خلاف باقاعدہ ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔
عدالت نے فرد جرم کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کر دیں۔
عدالت نے گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے لیے گواہوں کو نوٹسز جاری کر دیے۔
کیس کی مزید سماعت 12اکتوبر تک ملتوی ہوگئی ہے۔