Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب ایران کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتا ہے: کابینہ

کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے سوڈان میں امن و سلامتی کے تحفظ استحکام اور خوشحالی میں معاون ہر اقدام کی تائید و حمایت کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں ایران سے متعلق  امریکی خلیجی اجلاسوں کی تائید و حمایت کرتے ہوئے کہا کہ’ فریقین خطے کے امن و استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہیں‘۔
کابینہ نےایران کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’ اسے ایٹمی طاقت بننے سے باز رکھنے سے متعلق عالمی کوششوں کے حامی ہیں‘۔
 کابینہ نے سوڈان میں امن واستحکام اور ترقی و خوشحالی میں معاون ہر اقدام کی تائید و حمایت پر مشتمل سعودی عرب کے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا ہے۔ 
اجلاس نے سوڈان میں عبوری دور کے فریقوں کے درمیان آئندہ مرحلے کے اقدامات سے متعلق معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کو کویتی ولیعہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے ٹیلیفونک رابطے میں زیر بحث آنے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس ہفتے مملکت کےعہدیداروں کے ساتھ متعدد ملکوں کے رہنماؤں کی ملاقاتوں اور رابطوں کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’بات چیت کا محور عالمی امن و سلامتی میں معاون امور اور زندگی کے تمام شعبوں میں برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ مملکت کے تعاون کے رشتوں کو مضبوط بنانا تھا‘۔  
سعودی کابینہ نے ریاض میں جی سی سی ممالک کے وزرائےدفاع کے اجلاس، اس کی قرار دادوں اور سفارشات سے آگاہی کے بعد سعودی دارالحکومت میں جی سی سی آرمی مشترکہ کمان کے ہیڈ کوارٹر کے افتتاح کی ستائش کی۔
کابینہ نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ اس کی بدولت خطے کے امن و استحکام میں معاون مشترکہ دفاعی عمل مزید مضبوط ہوگا۔  
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ ’کابینہ کے اجلاس میں علاقائی و بین الاقوامی حالات اور مختلف مسائل کے حل سے متعلق عالمی کوششوں کا جائزہ لیا گیا‘۔
سعودی عرب نے اس حوالے سے اس عزم کا اظہار کیا کہ’ منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنڈنگ کے انسداد نیز ہر طرح کی دہشتگردی اور دہشتگرد اداروں کی شکل و صورت میں اعانت روکنے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 2462 پرعمل درآمد کے حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا‘۔ 
 کابینہ نے مملکت کے ساتھ تحویل مجرمین معاہدے کے رہنما نمونے کی منظوری دی اور وزیر داخلہ کو مختلف ملکوں کے ساتھ تحویل مجرمین معاہدے کا اختیار تفویض کیا ہے۔  
اجلاس میں سرکاری اداروں کی سالانہ رپورٹیں تیار کرنے کےلیے گائیڈ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ 
 

شیئر: