Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں خاتون پروفیسر کا شہباز گِل سے ڈگری وصول کرنے سے انکار

ڈاکٹر شہباز گِل نے ٹویٹ کی کہ جو خاتون ڈگری لینے نہیں آئیں وہ خواجہ سعد رفیق کی عزیزہ ہیں۔ (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان میں سوشل میڈیا پر کئی ایسی معلومات شیئر کی جاتی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہونے پر اعلیٰ حکومتی ارکان بھی اس پر اپنی وضاحت دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
بدھ کو سوشل میڈیا پر ایک خاتون اسسٹنٹ پروفیسر سے منسوب ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی کہ شہباز گِل کانووکیشن کے مہمان خصوصی بننے کے اہل نہیں اس لیے وہ ان سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری وصول نہیں کریں گی۔ 
یہ ٹویٹ فوراً ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی اور اس کے تھوڑی دیر بعد اسی خاتون اسسٹنٹ پروفیسر سے منسوب ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے ٹویٹ کی گئی کہ ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔
انھوں نے اس کے ساتھ یہ بھی وضاحت کی کہ ان کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
لیکن ان کی وضاحت سے پہلے ہی یہ معاملہ اس قدر اہمیت اختیار کر گیا کہ  شہباز گلِ کو بیان دینا پڑ گیا کہ ہر کسی کا جمہوری حق ہے کہ وہ کس سے ڈگری لینا چاہتا ہے یا نہیں تاہم ان کا کہنا تھا جس نے ڈگری لینے سے انکار کیا وہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی رشتہ دار ہے۔

اس کے ساتھ وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی بشریٰ مرزا نے ایک بیان جاری کیا کہ ’میری نظر میں کانووکیشن کے مہمان خصوصی شہباز گل  بننے کے اہل ہیں اس لیے ان کو بلایا۔
ڈاکٹر شہباز گل نے اس کے تھوڑی دیر بعد دوبارہ ٹویٹ کی جس میں حزب اختلاف ک کی جماعت مسلم لیگ نون کو اس ٹویٹ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’جو خاتون آج ڈگری لینے گھر سے نہیں آئیں وہ خواجہ سعد رفیق صاحب کی عزیزہ ہیں۔ ایک چینل نے پھر ن لیگ کا میڈیا سیل ہونے کا ثبوت دیا اور پہلے یہ خبر بنوائی پھر لگائی۔ عوام کو پورا سچ بتائیں کہ اس خاتون کا آپ کی پارٹی سے تعلق ہے۔ ایسی گھٹیا سیاست کے لیے طالبعلموں کا استعمال افسوسناک ہے۔‘
شہباز گل کی ٹویٹ سے پہلے ہی خاتون اسسٹنٹ پروفیسر وضاحت کر چکی تھیں کہ ان کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اب شہباز گل کے بیان کے مطابق مسلم لیگ نون کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن سوشل میڈیا پر اگر کسی پر الزام عائد کیا جائے تو دوسرا فریق اس کا سلسلہ وار ٹویٹس کے ذریعے جواب دینے میں زیادہ دیر نہیں لگاتا۔

شیئر: