عوامی مقامات میں خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی فہرست جاری
’بچوں کے جھولے خراب کرنے پر 4 ہزار ریال اور پودے، گل بوٹے یا گھاس اکھاڑنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے عوامی مقامات میں خلاف ورزیوں اور جرمانوں کا جدول جاری کردیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خلاف ورزی دہرانے پر جرمانے کی رقم دوگنا ہوجائے گی۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’پارکوں میں آگ جلانا خلاف ورزی ہے جس پر 4000 ریال جرمانہ ہوگا‘۔
’واکنگ ٹریک میں چلتے ہوئے یا گاڑی میں سوار کھڑکی سے کچرا پھینکنے پر 200 ریال، چاکنگ کرنے پر 500 ریال اور عوامی مقامات میں بغیر اجازت کے ٹھیلے لگانے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’بچوں کے جھولوں کو خراب کرنے پر 4 ہزار ریال اور پودے، گل بوٹے یا گھاس اکھاڑنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’عوامی مقامات سب کی ملکیت ہیں جن کی حفاظت کرنا اور جگہ کو اسی حالت میں چھوڑنا جس حالت میں وہ پہلے تھی، سب پر لازم ہے‘۔