حجراسود کے علاوہ غلاف کعبہ اوردیگرمقامات کو بھی معطرکیاجاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین کی جانب سے رمضان المبارک میں مسجد الحرام و مسجد نبوی الشریف کو مسلسل بخورکی خوشبو سے معطررکھنے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
مسجد الحرام میں بخور کی دھونی دینے کے لیے 20 سے زیادہ مبخرے (جس میں دھونی دی جاتی ہے) استعمال کیے جارہے ہیں۔ دھونی دینے کے لیے اضافی کارکنوں کو بھی تعینات کیاگیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے جہاں مسجد الحرام کومسلسل بنیادوں پرجراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے وہاں انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام اورمسجد نبوی الشریف کی فضا کو معطررکھنے کےلیے اعلی درجے کے بخور کی دھونی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
رمضان المبارک میں دھونی دینے کے عمل میں اضافہ کردیاجاتا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پہلے اور دوسرے عشرے کے لیے مسجد الحرام میں 20 مبخرے مخصوص کیے گئے ہیں جبکہ آخری عشرے میں انکی تعداد بڑھا کر60 کردی جائے گی۔
مسجد الحرام کی فضا کومعطرکرنے کےلیے جہاں اعلی درجے کے بخور کی دھونی دی جاتی ہے وہاں کعبہ شریف کے غلاف ، حجر اسود ، رکن یمانی ، ملتزم اورکعبہ کے دروازے کے مقام کواعلی قسم کے ’عود‘ سے معطرکیاجاتاہے۔
دوسری جانب مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مسجد نبوی میں یومیہ 700 گرام اعلی درجے کے’ بخور‘ کی دھونی دی جاتی ہے۔
مسجد نبوی الشریف میں شعبہ خوشبوجات کے ڈائریکٹرعمربن عبدالعزیزالھندی نے بتایا کہ مسجد نبوی الشریف کو معطررکھنے کےلیے دی جانے والی دھونی میں انتہائی اعلی درجے کا بخور استعمال کیاجاتا ہے۔
الھندی کا مزید کہنا تھا کہ دھونی دینے کےلیے 15 کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے جو دن میں 3 بار یہ فریضہ انجام دیتے ہیں۔ ادارے کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے اختتام تک 40 ہزار لیٹراعلی درجے کی خوشبویات عود اور مسک کا استعمال کیا گیا جبکہ 7 کلوگرام اعلی ترین درجے کے ’عود‘ کی دھونی بھی دی گئی