امارات میں مقیم غیر ملکیوں کو بچوں کے اقامے کے لیے نئی سہولت
غیرملکیوں کی اولاد 18 برس کی عمر تک اقامے پر رہ سکتی تھی(فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے مقیم غیرملکیوں کو ایک نئی سہولت دی ہے اب وہ 25 برس تک اپنی اولاد کواقامے پر رکھ سکیں گے۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں غیرملکیوں کی اولاد 18 برس کی عمر تک اپنے والد کے اقامے پر رہ سکتی تھی۔ اب اس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت 25 برس تک لڑکے اپنے والد کے اقامے پر رہ سکیں گے۔
غیر شادی شدہ لڑکیاں کسی بھی عمر تک اپنے باپ کے اقامے پر رہنے کی مجاز تھیں اور اب بھی ہیں۔
مقیم غیرملکیوں کے معذور لڑکوں کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں۔ وہ اپنے اعزہ کے ساتھ اقامہ پرمٹ پر قیام کرسکتے ہیں۔ ان کے لیے عمر کی کوئی شرط نہیں ہے۔
اماراتی حکام نے گرین اقامہ ہولڈرز کو کچھ اور سہولتیں بھی دی ہیں۔ وہ اپنے خونی رشتہ داروں کو ویزے پر بلا سکتے ہیں۔ امارات میں مقیم غیرملکی کے اہل خانہ کے اقامے کی میعاد مقیم غیرملکی کے اقامے کے ساتھ منسلک ہے۔ جتنے عرصے کا اقامہ مقیم کا ہوگا اتنی ہی مدت کا اقامہ ان کے اہل خانہ کو بھی جاری کیا جائے گا۔