’عید کی چار چھٹیاں حکومت نے دیں باقی خود کر لیں گے‘
منگل 26 اپریل 2022 16:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں عیدالفطر دو یا تین مئی کو متوقع ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں حکومت کی جانب سے عیدالفطر کے لیے چار چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تو یہ اطلاع اپنے پیاروں میں عید منانے کے خواہشمندوں کے لیے اطمینان کا باعث بنی، وہیں ان چھٹیوں میں کمی بیشی کے طریقے بھی ڈسکس ہوئے۔
منگل کو سرکاری ٹیلی ویژن کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ عیدالفطر پر سوموار دو مئی سے جمعرات پانچ مئی تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جانب سے عیدالفطر پر دو سے چار مئی تک چھٹی کی سمری بھجوائی گئی تھی ، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تین کے بجائے چار یوم کی چھٹیاں منظور کیں۔
حکومتی اقدام کی تصدیق ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین عید کے موقع پر ایک اضافی چھٹی ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سرکاری ملازمین کا ذکر کرنا نہ بھولے جو مختلف حیلے بہانوں سے چھٹیوں کی تعداد بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ٹیلی ویژن میزبان فرح حسین نے حیلے بہانوں سے چھٹیاں بڑھانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’خود کوئی کام کرنے کو تیار نہیں، چاہتے ہیں کوئی حکمراں آئے اور ہڈحرامی اور نالائقی کے باوجود ان کی تقدیر بدل دے۔‘
عیدالفطر کی تعطیلات سے متعلق مبینہ نوٹیفیکیشن میں غلطیوں اور تضادات کی نشاندہی بھی کی گئی تاہم ان غلطیوں سے زیادہ توجہ چھٹیوں اور ان کی تعداد پر ہی رہی۔