انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر 200 روپے کی حد عبور کر گیا
جمعرات 19 مئی 2022 9:14
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کاروباری دن کے آغاز پر ہی ڈالر کی قدر 200 روپے کی سطح عبور کر گئی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 200 روپے کی سطح عبور کر گئی ہے۔
کرنسی ایکسچینج سے وابستہ کاروباری اداروں کے مطابق جمعرات کو کاروباری سلسلے کے آغاز کے ابتدائی لمحات میں ہی ڈالر کی قدر بڑھ کر 199.40 روپے ہوئی، جو کچھ دیر کے بعد پہلے 199.80 ہوئی اور پھر 200 کی سطح عبور کرتے ہوئے گیارہ بجے تک 200.15 روپے ہو گئی۔
11 اپریل کو موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 17 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 11 اپریل کو انٹربینک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ 182.92 روپے تھا۔
معیشت سے متعلق ماہرین اور اعدادوشمار کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں 100 سے 200 روپے تک کا سفر دسمبر 2017 سے مئی 2022 کے پانچ برس میں مکمل ہوا۔ اس دوران ڈالر کی قدر میں 30 روپے کا اضافہ مسلم لیگ ن کے دور میں جب کہ 64 روپے کا اضافہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں ہوا۔
قبل ازیں اوپن مارکیٹ میں بدھ کو ہی امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ 200 روپے کی سطح عبور کر گیا۔ کاروباری دن کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 202 روپے سے زائد ہو گئی تھی۔