Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ڈالر 200 روپے کی حد عبور کر گیا

پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل گرتی قدر بدھ کو اس وقت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 200 روپے کی سطح عبور کر گیا۔
فاریکس ریٹ فراہم کرنے والے اداروں کے مطابق بدھ کی دوپہر ڈیڑھ بجے کے بعد اپ ڈیٹس ہونے والے اوپن مارکیٹ ریٹس میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت فروخت 201 روپے رہی، جب کہ قیمت خرید 199 روپے تھی۔
پاکستانی روپے کے مقابلے میں سعودی ریال کی قیمت خرید 51.5 اور قیمت فروخت 52.5 روپے تھی۔
اماراتی درہم کی قیمت خرید 54 جب کہ قیمت فروخت 55 روپے، برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 240 اور قیمت فروخت 243 روپے رہی۔
18 مئی کو انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران دوپہر دو بجے کے بعد امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ 198.75 اور 199.25 روپے رہا۔
بدھ کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں دو روپے 65 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد نیا شرح تبادلہ 198.39 روپے رہا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اوپن مارکیٹ ایکسچینج ریٹ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 56 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد امریکی کرنسی کی نئی قیمت 195.74 روپے رہی تھی۔

شیئر: