Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا نے پاکستان کے کون کون سے مشہور گانے چرائے؟

ابرار الحق کا گانا انڈین فلم ’جگ جگ جیو‘ میں استعمال کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ابرار الحق فیس بک)
پاکستان اور انڈیا میں کرکٹ یا پھر فلموں اور گانوں پر ہلکی پھلکی نوک جھونک ہوجانا کوئی نئی بات نہیں۔ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے گلوکاروں کے گانوں کو نہ صرف سنا جاتا ہے بلکہ گایا بھی جاتا ہے۔ ایک دوسرے کے گانے گانا اور اس سے متاثر ہونا غلط بات نہیں لیکن تلخیاں اس وقت بڑھتی ہے جب بغیر اجازت گانوں کو فلموں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ایسی ہی تلخی دو روز قبل اس وقت دیکھنے میں آئی جب پاکستانی گلوکار ابرارالحق کے گانے کو بغیر اجازت ایک انڈین فلم میں استعمال کرنے پر سوشل میڈیا پر انڈین فلمساز کرن جوہر کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ابرار الحق نے انڈین فلمساز کرن جوہر کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے گانے کو بغیر اجازت استعمال کرنے پر ان کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ انڈین انڈسٹری میں پہلی مرتبہ پاکستانی گانوں کی نقل کی گئی ہو یا بغیر اجازت کسی فلم میں شامل کیا گیا ہو بلکہ حالیہ دور میں بھی ایسی ان گنت مثالیں موجود ہیں۔

’نچ پنجابن‘ ۔ ابرار الحق

ابرار الحق کا گایا ہوا گانا ’نچ پنجابن‘ دھرما پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ’جگ جگ جیو‘ میں استعمال کیا گیا ہے جو 24 جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جا رہی ہے۔

’بوہے باریاں‘ ۔ حدیقہ کیانی

ہم میں سے شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی کے گانے ’بوہے بوریاں‘ سے واقف نہ ہو۔ انڈیا کی مشہور میوزک کمپنی ’سارے گاما‘ نے کنیکا کپور کی آواز میں اس گانے کو ریلیز کیا تھا۔ گانے کے ابتدائی بول حدیقہ کیانی کے گانے بوہے باریاں سے لیے گئے تھے لیکن گانے کی بقیہ شاعری مختلف ہے۔
پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ میں اپنے گانے بوہے باریاں کو بنا اجازت استعمال کرنے  پر اعتراض بھی کیا تھا جس کے جواب میں انڈین گلوکارہ کنیکا کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ ’اس گانے کو سننے والا جان جائے گا کہ یہ بالکل اوریجنل گیت ہے۔ مکھڑے سے لے کر اندر کے بند تک۔ ہم نے صرف لفظ (بوہے باریاں) کا استعمال کیا ہے۔‘

’ظالما کوکا کولا پلا دے‘ ۔ نور جہاں

کوک سٹوڈیو میں میشا شفیع کی آواز میں پیش کیا گیا گانا ’ظالماں کوکا کولا پلا دے‘ کو پاکستان مخالف بننے والی فلم 'بھوج:دی پرائیڈ آف انڈیا' استعمال کیا گیا جس پر اداکارہ نورا فتیحی کا رقص بھی کافی مقبول ہوا تھا۔
یہ گانا یوٹیوب پر ٹی سیریز، آی ایم آئی پاکستان اور 1 میوزک رائٹ سوسائٹیز کی جانب سے ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ گانا پہلی مرتبہ پاکستان کی مشہور گلوکارہ نور جہاں نے 1986 میں گایا تھا جو پنجابی فلم ’چن تے سورما‘ کا حصہ تھا۔

’ظالماں کوکا کولا پلا دے‘ پہلی مرتبہ پاکستان کی مشہور گلوکارہ نور جہاں نے 1986 میں گایا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

 ’رویا رے‘ ۔ فرحان سعید سلیم مرچنٹ

پاکستانی گلوکار فرحان سعید نے کچھ عرصہ قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انڈین گلوکار سلیم مرچنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر آپ نے میرا گانا چوری ہی کرنا تھا  توکم از کم یہ سب کرنے سے پہلے پوچھ ہی لیتے یا اگر چوری بھی کرنا تھی تو ڈھنگ سے یہ سب کیا ہوتا۔‘
سلیم مرچنٹ نے اپنے جواب میں اسے محض اتفاق قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے فرحان سعید کا گانا رویا پہلے نہیں سنا ورنہ وہ یقیناً بعد میں تیار کیے گئے اپنے گانے میں تبدیلیاں کرتے۔

’دل غلطی کر بیٹھا ہے‘ ۔ نصرت فتح علی خان

انڈین گیت نگار منوج منتشیر نے کچھ عرصے قبل ایک گانا ریلیز کیا تھا ’دل غلطی کر بیٹھا ہے، غلطی کر بیٹھا ہے دل۔۔۔ بول ہمارا کیا ہو گا‘ ہے۔ اس گیت کو زوبن نوٹیال نے گایا ہے۔
لیکن حقیقت میں یہ قوالی کئی برس پہلے نصرت فتح علی خان سمیت کئی پاکستانی گلوکار گا چکے ہیں۔ جس کے بول کچھ یوں تھے ’دل نے غلطی کی، دل نے غلطی کی۔۔۔ بول کفارہ کیا ہوگا؟‘

شیئر: