’پاکستانی عازمین حج مکہ کے موسم کے مطابق پانی کا زیادہ استعمال کریں‘
عازمین حج کے کھانے کی تیاری کی سخت نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے پی پی
ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی عازمین حج مکہ مکرمہ کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے پانی کا استعمال زیادہ کریں۔
سنیچر کو مکہ میں پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھانا وقت پر کھائیں اور اپنے آرام کا خاص خیال رکھیں تاکہ آئندہ مناسک حج کی ادائیگی کے لیے وہ خود کو چاک و چوبند رکھ سکیں۔
ساجد منظور اسدی نے کہا کہ حج میڈیکل مشن کی رپورٹ کے مطابق وہاں صرف لوگ تھکاوٹ اور پٹھوں کی کھنچاؤ کی شکایت کے ساتھ آرہے ہیں۔ گیسٹرو کا کوئی مریض ابھی تک سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ خوراک کی وجہ سے بدہضمی کا ابھی تک کوئی کیس ہسپتال میں رپورٹ نہیں ہوا کیونکہ کھانے کی تیاری کی سخت نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے عازمین حج سے خصوصی طور پر گزارش کی کہ یہاں گرمی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے پانی کا استعمال زیادہ کریں، کھانا وقت پر کھائیں اور اپنے آرام کا خاص خیال رکھیں تاکہ حج کے لازمی ایام کے دوران مناسک حج کی ادائیگی کے لیے خود کو تازہ دم رکھ سکیں۔