منی لانڈرنگ کے الزام میں سعودی خاتون اور غیر ملکی شوہر گرفتار
اتوار 24 جولائی 2022 13:35
’مذکورہ اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 63 ملین ریال بیرون ملک ٹرانسفر ہوئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں ایک سعودی خاتون اور ان کے غیر ملکی شوہر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ خاتون نے فرضی تجارتی ادارہ کھول رکھا تھا جس کے تمام معاملات کی ذمہ داری 10 ہزار ریال ماہانہ کے عوض اپنے غیر ملکی شوہر کو تفویض کر رکھے تھے۔
پبلک پراسکیوشن کے تحت اقتصادی جرائم کا سراغ لگانے والے والے شعبے نے یہ بات نوٹ کی ہے کہ مذکورہ تجارتی ادارے کے بینک اکاؤنٹ سے وقفے وقفے سے بڑی رقوم کی بیرون ملک منتقلی کی جارہی ہے۔
مختصر عرصے کے دوران مذکورہ اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر 63 ملین ریال بیرون ملک ٹرانسفر ہوئے ہیں جبکہ تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ تجارتی ادارہ فرضی ہے اور اس کی کوئی حقیقی تجارتی سرگرمی نہیں۔
مذکورہ افراد کو گرفتار کرکےانہیں عدالت میں پیش کیا گیا جس نے منی لانڈرنگ کا الزام ثابت ہونے پر فیصلہ کیا کہ بیرون ملک ٹرانسفر کی جانے والی رقم ضبط کی جائے گی۔
ملوث افراد کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم ایک لاکھ 33 ہزار ریال بھی ضبط کی جائے گی نیز ان پر مجموعی طور پر 50 ملین ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
انہیں مجموعی طور پر 12 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ سعودی خاتون کو قید کی مدت کے برابر بیرون ملک جانے سے منع کیا جائے گا۔