اداکارہ سجل علی تقسیم برصغیر پر بنی سیریز میں فاطمہ جناح کا کردار ادا کریں گی
اداکارہ سجل علی تقسیم برصغیر پر بنی سیریز میں فاطمہ جناح کا کردار ادا کریں گی
جمعہ 5 اگست 2022 6:09
شاہد عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
سجل علی سمیت تین اداکارائیں فاطمہ جناح کا کردار نبھائیں گی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی اداکارہ سجل علی تقسیم برصغیر سے متعلق جلد ریلیز کی جانے والی سیریز میں قائداعظم کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کا کردار ادا کریں گی۔
سنہ 1947 میں تقسیم برصغیر کے موضوع پر بنائی جانے والی سیریز میں پاکستانی اداکارہ سجل علی، سمیہ ممتاز اور سندس فرحان فاطمہ جناح کی زندگی کے مختلف ادوار کی بنیاد پر ان کا کردار نبھائیں گی۔
فاطمہ جناح اور تقسیم برصغیر کے حوالے سے بنائی جانے والی تاریخی سیریز کے مصنف اور ہدایتکار دانیال کے افضل ہیں۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال کے افضل نے کہا کہ ’سیریز کا تعارفی ٹیزر 14 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔ اس میں ایک منظر بمبئی سے متعلق، دوسرا مہاجرین کی آمد اور تیسرا فاطمہ جناح کے الیکشن لڑنے سے متعلق ہے۔‘
فاطمہ جناح سے متعلق سیریز تین سیزنز پر مشتمل ہو گی جب کہ اس کا ہر سیزن 15 اقساط پر محیط ہو گا۔
اپنی نوعیت کی منفرد سیریز کے پہلے سیزن میں تقسیم برصغیر سے قبل، دوسرے میں قیام پاکستان کے دوران اور تیسرے میں آزادی کے بعد کے حالات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
سیریز کے مصنف و ڈائریکٹر کے مطابق ’دنانیر مبین کو بمبئی کی صحافی کے طور پر دکھایا گیا ہے۔‘
فاطمہ جناح پر بنائی گئی سیریز کے پروڈیوسر احسن معظم مجید ہیں۔ ان کے متعارف کردہ پلیٹ فارم ’اور ڈیجیٹل‘ پر پیش کی جانے والی سیریز پہلی اور آخری نہیں۔
ندیم کے افضل کا کہنا ہے کہ وہ تحریک پاکستان اور تقسیم برصغیر کی تحریک کی دیگر شخصیات رعنا لیاقت علی، علامہ محمد اقبال، مہاتما گاندھی اور جواہر لعل نہرو سمیت دیگر پر بھی ایسے ہی سیریز تیار کریں گے۔
ان کے مطابق تاریخی شخصیات پر بنائی جانے والی مختلف سیریز میں کسی کو ہیرو یا ولن دکھانا مقصود نہیں بلکہ موجودہ اور نئی نسل تک یہ بات پہنچانا مقصد ہے کہ گزرے وقتوں میں ان شخصیات نے کیا کردار ادا کیا۔
اپنی سیریز کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم فوکسڈ ہونے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس کا معیار وہی رکھا گیا ہے جو ان پلیٹ فارمز کی پروڈکشن کا ہوتا ہے۔ اگر کوئی ٹیلی ویژن چینل اسے نشر کرنا چاہے گا تو ہم ایسا کر سکتے ہیں۔‘
اسلام آباد اور لاہور میں فلمائی گئی سیریز مکمل طور پر اردو زبان میں ہے۔ ندیم کے افضل کے مطابق ان کا پرائمری آڈینس جنوبی ایشیائی شہری ہیں خواہ وہ پاکستان میں رہتے ہوں یا دنیا کے کسی دوسرے ملک میں، اس لیے انہوں نے اپنی پروڈکشن کو اردو تک ہی محدود رکھا ہے۔
فاطمہ جناح پر بنائی گئی سیریز کے مصنف کے مطابق ’اور ڈیجیٹل‘ کے تحت مستقبل میں ماہرہ خان سمیت پاکستان کے دیگر بڑے ناموں کے ساتھ بھی منفرد موضوعات کی سیریز پر کام کریں گے۔
پاکستانی اداکارہ سجل علی نے حال ہی میں عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم ’وٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ میں بھی پرفارم کیا ہے۔
جمائمہ گولڈ سمتھ کے اس پراجیکٹ کا انٹرنیشنل پریمیئر 10 ستمبر کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہو گا جب کہ 27 جنوری سے یہ برطانیہ میں ریلیز کی جائے گی۔