Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی پہلی خاتون کمرشل پائلٹ عائشہ المنصوری کون ہیں؟

ایئر بس اے 320 سپر جمبو مسافر طیارہ اڑانے والی امارات کی پہلی خاتون ہیں( فوٹو امارات الیوم)
عائشہ المنصوری نے متحدہ عرب امارات کی پہلی اماراتی خاتون کپپٹن کے طور پر تاریخ رقم کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایوی ایشن میں خاص طور پر پائلٹوں کے درمیان خواتین کے کردار کو بڑھانے کے لیے اتحاد ایئر ویز کی کوششوں میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔
عائشہ المنصوری کی پہلی اماراتی خاتون کیپٹن بننے کی تقریب اتحاد کے کریو بریفنگ سینٹر میں ان کے اہل خانہ، اتحاد پائلٹ کمیونٹی میں اس کے ساتھیوں اور ایئر لائن کی سینئیر انتظامیہ کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
عائشہ المنصوری نے اکتوبر 2007 میں اتحاد کے کیڈٹ پائلٹ پروگرام میں شمولیت اختیار کی جو اپنی کلاس میں متحدہ عرب امارات کی صرف دو خواتین میں سے ایک تھیں۔
ا نہوں نے 2010 میں اس پروگرام سے گریجویشن کیا اور عمان، اردن کے لیے ایئر بس اے 320 پر اپنی پہلی پرواز مکمل کی۔
عائشہ المنصوری نے ایک سینئیر فرسٹ آفیسر بننے کے لیے درکار ضروری ٹریننگ مکمل کی اور ایئر بس اے 320 سپر جمبو مسافر طیارہ اڑانے والی متحدہ عرب امارات کی پہلی خاتون بن گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں بہت شکر گزار ہوں کہ مجھے اتحاد کے کیڈٹ پائلٹ پروگرام میں شامل ہونے کا موقع ملا اور اتحاد کے ساتھ اپنے کیرئیر میں اضافہ ہوا۔‘
ا نہوں نے مزید کہا کہ ’ مجھے فخر ہے کہ میں پہلی خاتون اماراتی ہوں جو ایک کمرشل ایئر لائن میں کیپٹن ہوں۔ مجھے امید ہے کہ میں نوجوان خواتین کے لیے کیریئر کے اس راستے پر چلنے کے لیے ایک تحریک بنوں گی۔‘
اتحاد ایوی ایشن گروپ کے سی ای او محمد البلوکی نے کہا کہ ’ اتحاد کو کیپٹن عائشہ کی کامیابی اور متحدہ عرب امارات میں خواتین ایوی ایشن کے لیے جو شاندار کردار ادا کر رہی ہیں اس پر بہت فخر ہے۔ بلاشبہ وہ بہت سے لوگوں میں پہلی ہوں گی اور اتحاد مستقبل میں مزید خواتین پائلٹس کو کیپٹن کے عہدے پر خوش آمدید کہنے کا منتظر ہے۔‘

 خواتین کے لیے کیریئر کے اس راستے پر تحریک بننے کا عزم ظاہر کیا ہے( فوٹو وام)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ اتحاد ایمریٹائزیشن اور اماراتی خواتین کو ہوا بازی کی صنعت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘
محمد البلوکی نے کہا کہ ’ اتحاد کے پائلٹ اپنے آپ کو ثابت کرنے کے لیے سخت امتحانات سے گزرتے ہیں اور پرواز کے اوقات میں سخت تقاضوں کو پورا کرتے ہیں تاکہ بین الاقوامی ہوا بازی میں تربیت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔‘
اتحاد ایوی ایشن گروپ کے سی ای او نے کہا کہ ’عائشہ المنصوری بلا شبہ اپنی ساتھی اماراتیوں اور دنیا بھر کی نوجوان خواتین کو ہوا بازی میں اپنے خوابوں کی تعمیل کرنے کی ترغیب دیں گی۔‘
عائشہ المنصوری بدھ کو اتحاد میں ایک کیپٹن کے طور پر باقاعدہ پرواز کے فرائض شروع کریں گی جو متحدہ عرب امارات میں خواتین کا دن بھی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق الاتحاد ایئر نے اسے متحدہ عرب امارات کے شہری ہوابازی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
عائشہ المنصوری کا کہنا ہے کہ’ انہیں کمرشل ایئرلائن میں اپنے ملک کی پہلی خاتون پائلٹ بننے پر فخر ہے۔ اپنے انسٹرکٹرز کی طرف سے ملنے والی غیر معمولی مدد پر شکر گزار ہوں اور اس رہنمائی کے لیے بھی جو دوران تربیت مجھے میسر رہی‘۔

شیئر: