سعودی ایجنسی کے تحت صومالیہ کے بے گھر افراد میں 70 ٹن خوراک تقسیم
امداد سے مجموعی طور پر چھ ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے صومالیہ کے ضلع گرسبالی میں بے گھر افراد میں 70 ٹن خوراک کی امداد تقسیم کی ہے۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے حوالے سے کہا کہ اس امداد سے مجموعی طور پر چھ ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی کے مطابق یہ عطیہ صومالیہ میں خشک سالی سے متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنے، ملک میں خوراک اور غذائیت کے پروگراموں کی سپورٹ کرنے، بے گھر لوگوں کو پانی، پناہ گاہ اور زندگی بچانے والے ہنگامی پروگراموں کی فراہمی کے لیے مملکت کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر آتا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے 1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر5.7 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔