Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل انشورنس سکیم میں نظر کے چشمے کی لاگت زیادہ سے زیادہ چار سو ریال

میڈیکل انشورنس سکیم میں مزید 18 سہولتوں کا اضافہ کیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
ہیلتھ انشورنس کونسل نے اتوار دو اکتوبرسے میڈیکل انشورنس سکیم میں مزید 18 سہولتوں کا اضافہ کیا ہے۔ 
عکاط اور اخبار 24 کے مطابق نئی میڈیکل انشورنس سکیم میں انشورنس ہولڈرز کو صحت کے مسائل سے بچانا، صحت بہتر بنانا، بیماری کو خطرناک ہونے سے روکنے جیسے اہداف پورے کیے جائیں گے۔
نئی میڈیکل انشورنس سکیم میں فی کس دس لاکھ ریال تک استفادے کی گنجائش ہوگی۔ چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے ملازمین کو میڈیکل انشورنس سکیم میں زراعانت فنڈ پروگرام سے 5 لاکھ سے زائد کے اخراجات دیے جائیں گے۔ 
نئی سہولتوں میں امراض کا قبل از وقت پتہ لگانے کے لیے ٹیسٹ، ویکسینیشن، خواتین کی صحت، حد سے زیادہ موٹاپے کے آپریشن اور گردے کی پیوند کاری کو شامل کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ذہنی صحت کے علاج کا بجٹ پندرہ ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار ریال تک کردیا گیا ہے جبکہ گردے کی صفائی کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق ہیلتھ انشورنس کونسل نے کہا ہے کہ ’نظر کے چشمے کی لاگت میڈیکل انشورنس سکیم میں زیادہ سے زیادہ چار سو ریال ہوگی۔‘ 
کونسل کا کہنا ہے کہ ’نظر کی بیماری کی تشخیص، ٹیسٹ اورعلاج کی لاگت انشورنس کوریج میں شامل نہیں ہوگی۔‘  
کونسل سے دریافت کیا گیا تھا کہ ’کیا انشورنس کمپنی ڈاکٹر کی تجویز پر نظر کے چشمے کی قیمت دینے سے انکار کرسکتی ہے اور کیا اس کی بنیاد اس بات کو بنایا جا سکتا ہے کہ چشمہ نیٹ ورک سے ہٹ کر خریدا گیا ہے۔‘
ہیلتھ انشورنس کونسل نے کہا کہ’ ہیلتھ انشورنس کرانے والے صحت خدمات نیٹ ورک سے باہر سے حاصل  کرسکتے ہیں۔ ایسا ہنگامی حالات میں ممکن ہے۔ ایسی صورت میں اسے اتنا ہی معاوضہ دیا جائے گا جتنا کہ مارکیٹ میں اس قسم کی تکلیف کے علاج کی قیمت معروف ہوگی۔‘
’اگر انشورنس کمپنی اس سے انکار کرے تو اس کے خلاف شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔‘

شیئر: