قطر فیشن یونائیٹڈ میں ماڈلز کینڈک ہفین اور ایمان ہمام کی شرکت
قطر فیشن یونائیٹڈ میں ماڈلز کینڈک ہفین اور ایمان ہمام کی شرکت
ہفتہ 17 دسمبر 2022 20:10
سٹیڈیم 974 میں منعقد ہونے والے اس فیشن ایونٹ میں 20 ہزار افراد نے شرکت کی۔ عرب نیوز
امریکی ماڈل کینڈک ہفین، مصری-مراکش-ڈچ ماڈل ایمان ہمام کے ساتھ سابق برطانوی فٹبالر ڈیوڈ بیکہم اور مراکش کی انسٹاگرام سٹار کوثر بامو محمد نے قطر کے سٹیڈیم 974 میں ہونے والے فیشن شو میں شرکت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس خاص ایونٹ میں 50 ممالک کے 150 سے زیادہ ڈیزائنرز کےتیار کردہ ملبوسات کی نمائش کے ساتھ فیشن اور موسیقی کی دنیا کے شہرہ آفاق سٹارز بھی موجود تھے۔
قطرفیشن یونائیٹڈ کی طرف سے پیش کردہ قطر کریٹس اینڈ سی آر رن وے ایونٹ میں عالیہ العبیدلی آفیشل اور ہارلینز سمیت دیگر ڈیزائنرز نے شاندار ملبوسات کی نمائش کی۔
فیشن ایونٹ میں ڈیوڈ بیکہم نے براون سویٹر اور پینٹ پہن کرغیر جانبدارانداز کا انتخاب کیا جب کہ امریکی ماڈل ہفین نے چمڑے کی سیاہ ٹاپ اور سکرٹ پہن رکھی تھی۔
فیشن ایونٹ میں شامل ماڈل ایمان ہمام نے اپنی بہن کے ساتھ مل کر مراکش کے جھنڈے کے رنگوں والی جرسیاں پہن کر واک کی۔
ایک بیان کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کےلیے راس ابوعبود سٹیڈیم 974 میں منعقد ہونے والے اس فیشن ایونٹ میں 20 ہزار افراد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ 18 دسمبر کو اختتام پذیر ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے تیار کئے گئے اس عارضی سٹیڈیم میں974 شپنگ کنٹینرز استعمال کئے گئے ہیں اور اس سٹیڈیم نے ساتھ مختلف کھیلوں کی میزبانی کی ہے۔
سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی تقریب میں امریکی سٹار میلون، اطالوی فنکار گالا رزاٹو، پورٹو ریکن گلوکارہ اوزونا، لبنانی سٹار نینسی اجرم، معروف عراقی گلوکار قادم الساحر، الجزائری-فرانسیسی میوزک پروڈیوسر ڈی جے سنیک اور دیگرنے شاندار پرفارمنس پیش کی۔
اس تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےقطر میوزیم کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد الثانی نے کہا کہ قطر فیشن یونائیٹڈ نے اس منفرد سٹیڈیم میں موسیقی، فیشن اور آرٹ کاشاندار مظاہرہ کیا ہے۔
چیئرپرسن نے مزید کہا کہ دنیا کے کونے کونے سے لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے میں قطر فیشن یونائیٹڈ کی برسوں کی محنت شامل ہے۔
ثقافت سے بھرپور اس خاص ایونٹ میں مختلف ممالک کے لوگوں کو ایک ساتھ بٹھانے میں فیشن، موسیقی، آرٹ، ورثہ اور فٹ بال کے شعبوں کا بہترین عمل دخل رہا۔
فٹبال ورلڈ کپ کے آخری دنوں میں فیشن کے ساتھ فٹ بال کا جشن منانے کے لیے اس سے بہتر کوئی اور وقت نہیں ہو سکتا تھا۔
قطر میوزیم کی چیئرپرسن نے واضح کیا کہ شو سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی غیر منافع بخش تنظیم ایجوکیشن اباوو آل (EAA) فاؤنڈیشن کو دی جائے گی۔
یہ تنظیم غریب بچوں اور نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو کمیونٹی کا فعال رکن بننے کے لیے بااختیار بناتی ہے۔