Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلاوتِ قرآن کے دوران ’نامناسب حرکات‘، مصری قاری پر پابندی عائد

پابندی کا شکار ہونے والے الشیخ محمد حامدی السلکاوی ریڈیو کے سند یافتہ قاری ہیں(فوٹو: سکرین گریب)
مصر میں ریڈیو پر تلاوت کرنے والے ایک قاری پر احترام کے منافی اقدام کی وجہ سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جریدے سبق کے مطابق قاریوں کے ریڈیو اور ٹی وی کے لیے ٹیسٹ لینے والی کمیٹی کے سربراہ محمد نوار نے شیخ محمد حامد السلکاوی پر ایک برس کی پابندی عائد کر دی ہے۔
واضح رہے کہ الشیخ محمد حامد السلکاوی ریڈیو کے سند یافتہ قاری ہیں۔
اخبار ’الیوم السابع‘ کے مطابق کمیٹی نے شیخ محمد حامد السلکاوی پر پابندی کی وجہ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کی جانب سے ایسی حرکات کے ساتھ تلاوت کی ویڈیو نظر سے گزری جو نامناسب اور کتاب اللہ کے احترام کے منافی تھیں۔ اس کے علاوہ تجوید کے اصولوں کی پیروی بھی نہیں کی گئی۔‘
دوسری جانب بدھ کی شام الشیخ محمد حشاد کی سربراہی میں کام کرنے والے قاریوں کے سینڈیکیٹ نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حرکات کتاب اللہ کے احترام کے منافی ہیں۔‘
’الیوم السابع‘ نے قراء کے سینڈیکیٹ کا بیان شائع کیا ہے جس میں کہا گیا کہ ’سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ریڈیو کا ایک قاری سورۃ شوریٰ کی تلاوت کر رہا ہے اور وہ تلاوت کے دوران نامناسب حرکتیں کر رہا ہے۔ اس کے بعد سینڈیکیٹ نے اس کی اطلاع ریڈیو مصر کے سربراہ اور دینی پروگرام کے ذمہ دار کو دی۔‘
’علاوہ ازیں قاریوں کے سینڈیکیٹ کے ایک قانونی مشیر کو مامور کیا گیا ہے کہ وہ قاری کے خلاف پبلک پراسکیوشن کو معلومات دے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’قراء کرام کا سینڈیکیٹ کسی بھی ایسے شخص کے ساتھ نرمی نہیں برتے گا جو تلاوت کے احکام کی خلاف ورزی کرے گا یا مطلوبہ علم کے بغیر اس کی تلاوت کرے گا۔‘

شیئر: