Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعلٰی پرویز الٰہی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے: فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ ’اس وقت پی ٹی آئی کے تمام 177 اراکین چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کر رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’پنجاب اسمبلی سے وزیراعلٰی کے لیے اعتماد کا ووٹ لینے جا رہے ہیں، تاہم انہوں نے اعتماد کا ووٹ لینے کی تاریخ نہیں بتائی۔‘
سنیچر کو لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’عمران خان کی سربراہی میں پنجاب کی سینیئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور دیگر رہنما شریک تھے۔‘
’اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے جا رہے ہیں اور ایک وفد وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے ملاقات کرے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس ملاقات میں ہم طے کریں گے کہ اسمبلی کا اجلاس کس تاریخ کو طلب کیا جائے اور وزیراعلٰی پر اعتماد کے لیے ووٹنگ کی جائے تاکہ اسمبلیوں کی تحلیل ممکن بنائی جا سکے۔‘
’اس وقت پی ٹی آئی کے تمام 177 اراکین چوہدری پرویز الٰہی کی حمایت کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ق) کے اپنے 10 ارکان ہیں اور اس حساب سے ہمارے پاس سپیکر کے علاوہ 187 ممبران موجود ہیں۔‘
فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ ’پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے تمام ارکان چوہدری پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔‘
’الیکشنز کی تاریخ کا اعلان ہائی کورٹ کے فیصلے سے بہت پہلے ہوگا، ہم تاخیر نہیں کرنا چاہتے اور فوری طور پر اعتماد کے ووٹ کے لیے جانا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اعتماد کے ووٹ کے بعد وزیراعلٰی نے جس طرح ہمارے ساتھ وعدہ کیا تھا وہ اسمبلی توڑنے کے لیے تیار ہیں اور ہم اسمبلی کی تحلیل کی طرف جائیں گے۔‘

شیئر: