سعودی عرب کی تیل کی برآمدی ویلیو میں 11.8 فیصد اضافہ
جمعرات 26 جنوری 2023 5:13
مجموعی تجارتی سامان کی برآمدات میں سال بہ سال 3.6 فیصد اضافہ ہوا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2021 کے مقابلے میں نومبر 2022 میں سعودی عرب کی تیل کی برآمدی قدر 11.8 فیصد سے بڑھ کر 9.5 بلین ریال تک پہنچ گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نومبر 2022 میں مملکت کی مجموعی تجارتی سامان کی برآمدات میں سال بہ سال 3.6 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2022 میں تجارتی سامان کی مجموعی برآمدات کی مالیت 12.8 بلین ریال تھی جو پچھلے سال کے اسی مہینے میں 108.8 بلین ریال تھی۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’مجموعی برآمدات میں تیل کی برآمدات کا حصہ نومبر 2021 میں 74.0 فیصد سے بڑھ کر نومبر 2022 میں 79.8 فیصد ہو گیا۔‘
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نومبر 2022 میں مملکت کی غیر تیل کی برآمدات میں بھی سال بہ سال 18 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نومبر 2022 میں سعودی عرب کی تجارتی سامان کی مجموعی درآمدات 26.5 فیصد سے بڑھ کر62.7 بلین ریال تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ نومبر میں سب سے زیادہ درآمد شدہ تجارتی سامان مشینری، مکینیکل آلات اور برقی آلات کے پرزے تھے جو مجموعی تجارتی سامان کی درآمدات کا 20.4 فیصد ہیں۔
’نومبر 2022 میں چین کو برآمدات 20.6 بلین ریال یا مجموعی برآمدات کا 18.3 فیصد تھی۔‘
چین کے بعد جاپان اور انڈیا کی مجموعی برآمدات کا بالترتیب 11.7 بلین ریال اور 10.3 بلین ریال رہیں۔
جنوبی کوریا، امریکا، متحدہ عرب امارات، مصر، ہالینڈ، پولینڈ اور بحرین سعودی عرب کی برآمدات کے لیے ٹاپ 10 فہرست میں دیگر ممالک شامل تھے۔