Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ’ویلینٹائنز ڈے پر گائے کو گلے لگائیں‘

اینیمل ویلفیئر بورڈ کا کہنا ہے کہ ’گائے انڈیا کے کلچر اور دیہی معیشت کا حصہ ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں اینیمل ویلفیئر بورڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سال 14 فروری کو ویلنٹائنز ڈے ’کاؤ ہگ ڈے‘ یعنی گائے کو گلے لگانے کے دن کے طور پر منائیں۔
اینیمل ویلفیئر بورڈ کی ویب سائٹ پر موجود اپیل میں کہا گیا ہے کہ ’گائے انڈیا کے کلچر اور دیہی معیشت کا حصہ ہے۔‘
اینیمل ویلفیئر بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ ’گائے سے محبت کرنے والے تمام افراد 14 فروری کو بطور کاؤ ہگ ڈے منائیں تاکہ گائے کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے، زندگی میں خوشی اور مثبت توانائی شامل کی جا سکے۔‘
واضح رہے اینیمل ویلفیئر بورڈ انڈیا کی وزارت برائے فشریز کے تحت کام کرتی ہے جس کی ذمہ داریوں میں جانوروں کا تحفظ بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی اینیمل ویلفیئر بورڈ کی اپیل موضوع گفتگو بنی ہوئی ہے۔ صحافی سواتی چتُرویدی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ویلینٹائنز ڈے پر گائے کو گلے لگائیں۔‘
ٹوئٹر پر ایک انڈین صحافی نے لکھا کہ ’سب بھول جائیں، مجھے یہ بتائیں کہ گائے کو کیسے بتایا جائے کہ ہم انہیں گلے لگانے آ رہے ہیں؟ اور یہ کیسے پتہ کیا جائے کہ اس میں گائے کی مرضی شامل ہے یا نہیں؟‘
لکھاری پریامودا گوپال نے حکومتی اقدام پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ ویلنٹائنز ڈے پر تنہا ہوں گے؟ انڈین حکومت آپ کو گائے کو گلے لگانے کا مشورہ دے رہی ہے۔‘

اینمل ویلفیئر بورڈ کے مطابق 14 فروری کو گائے کو گلے لگانے کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ انڈین معاشرے میں مغربی کلچر کا اثر و رسوخ کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

شیئر: