چیچہ وطنی.. وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام 5 سال بعد سوال پو چھیں گے کہ ان کے لئے کیا کیا۔ ہم بھی حساب دیں گے، مخالفین کو بھی حساب دینا پڑے گا۔چیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام سے محبت کا رشتہ مضبوط کرنے آیا ہوں اور ہمیشہ اسے نبھاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف الزام لگانا جانتے ہیں، انہیں پاکستان کے کلچر کا علم نہیں، جہاں بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے پیار کیا جاتا ہے۔انہو ں نے کہا کہ آپ کو ایک صوبہ دیا گیا مگر افسوس وہاں نہ اسپتالوں کی کوئی حیثیت ہے اور نہ سڑکیں بن رہی ہیں۔ باقی پاکستان کے اندر آپ کو خوشحالی نظر آئے گی ۔ پنجاب میں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے ہورہے ہیں۔ کسی نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے تو خیبرپختونخوا چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں دھرنے، گالیاں دینے یا الزام لگانے نہیں آیا بلکہ عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ 2018 تک ملک سے لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم ہوجائے گی ۔ بجلی سستی بھی ہوگی۔وزیراعظم نے چیچہ وطنی کو براہ راست موٹروے سے ملانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑکیں صرف پنجاب میں نہیں بن رہیں بلکہ دھرنا دینے والوں کے صوبے میں بھی موٹروے بنا رہے ہیں۔