’اب تو مان جاؤ‘، روٹھی اہلیہ کو منانے کے لیے شوہر نے زبان کاٹ لی
جمعرات 2 مارچ 2023 18:35
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
پولیس کے مطابق ’ابھی تک اپنے آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش یا اور کسی الزام کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے شہر فیصل آباد کے علاقے بہار کالونی میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو منانے کے لیے اپنی زبان بلیڈ سے کاٹ لی۔
پولیس کے مطابق ’35 سالہ شخص زمان خان نے تھانہ رضاآباد کے علاقے میں بظاہر اپنی زبان کاٹی ہے۔‘
’زبان کاٹنے کا علم اہل علاقہ کو ہوا تو فوری طور پر ریسکیو 1122 کو کال کی گئی جس کے بعد اس شخص کو پہلے غلام آباد کے علاقے میں واقع جنرل ہسپتال پہنچایا گیا۔‘
ہسپتال میں انہوں نے ایک کاغذ پر لکھ کر عملے کو بتایا کہ اس نے خود اپنی زبان کاٹی ہے جبکہ اس کی وجہ اس کی بیوی سے ناراضی ہے۔زمان خان کو ابتدائی امداد دینے کے بعد الائیڈ ہسپتال بھیج دیا گیا جہاں وہ ابھی تک زیر علاج ہیں۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق ’ابھی ہم حقائق کا اندازہ لگا رہے ہیں اور ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زبان کاٹ لی ہے جو کہ دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔‘
’ابھی تک یہ کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ ڈاکٹر اس کو ٹھیک کر لیں گے یا نہیں، ابھی یہ اندازہ لگانا بھی مشکل ہے کہ ان کی قوت گویائی کو کس حد تک نقصان پہنچا ہے۔‘
ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ ’ابھی تک جو باتیں سامنے آئی ہیں یہ انتہائی گھریلو نوعیت کا معاملہ ہے جس میں میاں بیوی کے درمیان ناچاقی سے بات شروع ہوئی۔‘
’زمان کی اہلیہ آج کل میکے میں ہیں اور وہ انہیں منانے کی کوشش کر رہے تھے تو انہوں نے شرط عائد کی تھی کہ وہ واپس اس شرط پر آئیں گی کہ اگر وہ اپنی زبان بند رکھیں گے۔‘
پولیس ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’اسی وجہ سے انہوں نے جذبات میں آکر اپنی زبان ہی کاٹ لی۔ اس واقعے کے بعد جب ان کو الائیڈ ہسپتال داخل کروایا گیا تو وہاں تھانہ رضا آباد کی پولیس بھی پہنچ گئی اور اس معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘
پولیس نے بتایا کہ ’بھی تک اپنے آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش یا اور کسی الزام کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔‘
خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارف جمال عبداللہ عثمان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’اب تو مان جاؤ۔‘