مصر میں دو بچوں والی ماؤں کو ہزار پاؤنڈ سالانہ مراعات کا اعلان
مصر میں دو بچوں والی ماؤں کو ہزار پاؤنڈ سالانہ مراعات کا اعلان
بدھ 15 مارچ 2023 22:39
اس منصوبے کا مقصد ملکی آبادی پر قابو پا کر معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ فوٹو روئٹرز
مصر میں آبادی کے اضافے پر قابو پانے کے لیے حکومت نے 21 سے 45 سال کی شادی شدہ خواتین کے لیے ایک ہزار مصری پاؤنڈز تقریباً 32 امریکی ڈالر کی سالانہ مراعات کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق مصر میں جن خواتین کے دو بچے یا اس سے کم ہیں وہ مائیں 45 سال کی عمر میں اپنی تمام جمع شدہ رقم وصول کریں گی بشرطیکہ وہ اس منصوبے کی تمام شرائط پوری کریں اور اس پر متواتر عمل کریں۔
مصر میں منصوبہ بندی و اقتصادی ترقی کی وزیر ہالا السید نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد آبادی میں اضافے پر قابو پا کر اور آبادیاتی خصوصیات کو بڑھا کر مصری شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
دو یا اس سے کم بچوں والی ہر شادی شدہ عورت کے لیے جمع شدہ رقم کا حساب اس کی عمر کی بنیاد پر کیا جائے گا جب سے وہ اس پروگرام میں شامل ہوئی ہوں گی۔
علاوہ ازیں اگر کوئی خاتون تیسرے بچے کی خواہش رکھتی ہے تو ان کا کسی بھی طرح اس رقم کے لیے دعویٰ کرنے کا حق نہیں رہےگا۔
وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا ہے کہ ہماری حکمت عملی میں ملک کی آبادی میں اضافے کو روکنے کے لیے مصری خواتین کو مالی مراعات فراہم کرنا اور دوسرا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر خاتون اور ہر بچے کو ترقی اور انسانی وقار کو فروغ دینے کے لیے صحت، تعلیم اور اقتصادی خدمات کا جامع پیکج ملے۔
مصر کے وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے کہا ہے کہ صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے فروری 2022 میں شروع کیے گئے مصری خاندان کی ترقی کے قومی منصوبے کا مقصد آبادی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے علاوہ عوام کے لیے تعلیم، صحت اور ملازمت کے مواقع کو بہتر بنانا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مصر کی مجموعی آبادی 10 کروڑ 45 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے اور قاہرہ ریجن آبادی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔
سنٹرل ایجنسی فار پبلک موبلائزیشن اینڈ سٹیٹسٹکس کی نومبر 2022 میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مصر 104.2 ملین آبادی کے ساتھ شمالی افریقی خطے میں پہلے نمبر پر ہے اور نائجیریا اور ایتھوپیا کے بعد براعظم میں آبادی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ مصر کی آبادی افریقہ کی آبادی کا تقریباً 7.3 فیصد اور دنیا کی آبادی کا 1.3 فیصد ہے۔ دنیا کی آبادی کے لحاظ سے یہ ملک 14ویں نمبر پر ہے۔
قبل ازیں مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خبردار کیا تھا کہ اگر آبادی میں اضافے کی موجودہ شرح جاری رہی تو مصر کی آبادی 2020 میں 101.5 ملین سے بڑھ کر 2030 تک 150 ملین اور 2050 تک 193-194 ملین تک پہنچ جائے گی۔