خلیجی وزرائے خارجہ اور امریکہ کا مشترکہ اجلاس ، اعلامیہ جاری
خلیجی وزرائے خارجہ اور امریکہ کا مشترکہ اجلاس ، اعلامیہ جاری
جمعرات 8 جون 2023 18:35
اجلاس میں انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی اہمیت پر زوردیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ اورامریکہ کے درمیان مشترکہ وزارتی اجلاس میں تاریخی تعلقات کی سٹراٹیجک اہمیت سے مکمل اتفاق کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق خلیجی امریکی وزرائے خارجہ اجلاس کے اختتام پرجاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’ خطے میں گرما گرمی کم کرانے کے لیے کوشاں ہیں اوررہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 16 جولائی 2022 کو جدہ میں منعقدہ سربراہ کانفرنس اور اس سے قبل ہونے والے وزرائے خارجہ کے اجلاسوں میں طے پانے والے امور کی پابندی کرتے رہیں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مشاورت، یکجہتی اور تمام شعبوں میں تعاون کے استحکام کا عزم ظاہر کیا۔
وزرائے خارجہ نے جی سی سی، امریکہ اور دیگر رکن ممالک کے درمیان عروج پذیر سٹراٹیجک شراکت پر زور دیا۔ جس کا مقصد مشرق وسطی میں خوشحالی، امن و استحکام اور مکمل تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ اور خلیجی ممالک خطے میں کش مکش کم کرانے کے لیے کوشاں ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نےکہا کہ مشترکہ اہداف حاصل کرنے کے لیے سفارتکاری کو پروان چڑھایا جائے گا۔
انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ خطے کے ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور تعاون بڑھانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ یہ کام علاقائی سطح پر استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ خطے کی آبی گزر گاہوں سے جہازوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔
وزرائے خارجہ نے دنیا بھر میں تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 8 جون 2023 کو سعودی دارالحکومت ریاض میں داعش کی سرکوبی کے لیے منعقد ہونے والے عالمی محاذ کے اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارت کے حوالے سے اس خطے کے اہم کردار کی اہمیت کو مانتا اور سمجھتا ہے اور خطے میں امن برقرار رکھنے کا پابند ہے۔
وزرائے خارجہ نے خطے میں آزادی سے جہاز رانی کے حق اور خطے میں سمندری امن و سلامتی برقرار رکھنے کے پابند تھے، ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سمندر سمیت کسی بھی مقام پر غیر قانونی یا کسی بھی قسم کے جارحانہ عمل کی سرکوبی کی جائے گی۔ ایسے کسی بھی کام کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے جی سی سی ممالک کی تیل تنصیبات، عالمی تجارت اور آبی گزر گاہوں کو خطرات لاحق ہوتے ہوں۔
فریقین نے ایٹمی اسلحہ کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر ایران کو ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کی دعوت دیتے ہیں۔
وزرا نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور سمیت بین الاقوامی قانون کی پابندی پر بھی زور دیا۔
یمن کے تمام متحارب فریقوں کے درمیان سیاسی عمل ابھرنے کی خواہش کا ظاہر کیا (فوٹو، ایس پی اے)
امریکی اور خلیجی وزرائے خارجہ نے اپریل 2022 کے سمجھوتے کے بعد اقوام متحدہ کی زیر قیادت امن مساعی جاری رکھنے پر زور دیا۔ فریقین نے اس حوالے سے امریکی ایلچی، اقوام متحدہ کے ایلچی، سلطنت عمان اور سعودی عرب کی قیادت میں کی جانے والی کوششوں پر گہری قدرو منزلت کا اظہار کیا۔
فریقین نے یمن کے تمام متحارب فریقوں کے درمیان سیاسی عمل ابھرنے کی خواہش کا ظاہر کیا۔
خلیجی اور امریکی وزرائے خارجہ نے فلسطینی اتھارٹی کی تائید اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل تک رسائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
شام، عراق، سوڈان اور یوکرین کے حوالے سے اپنے روایتی موقف کا بھرپور طریقے سے اعادہ کیا۔
امریکی اور خلیجی وزرائے خارجہ نے فریقین کے درمیان سٹراٹیجک شراکت کے دائرے میں علاقائی امن و استحکام قائم کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کا عزم ظاہر کیا۔