استعمال شدہ آئی فون خریدنے سے پہلے کن چیزوں کا خیال رکھیں؟
اگر خریدے جانے والے آئی فون میں نقلی پارٹس لگائے گئے ہوں گے تو سسٹم انہیں ریڈ نہیں کرے گا (فوٹو: سی این این)
بعض ممالک میں نیا آئی فون خریدنا کافی مہنگا ہو گیا ہے اس لیے ایپل برانڈ کے فون کا شوق پورا کرنے کے لیے استعمال شدہ آئی فون خریدنے کو ہی ترجیح دی جاتی ہے۔
اگرچہ استعمال شدہ آئی فون خریدنے سے کافی بچت ہو جاتی ہے اور شوق بھی پورا ہو جاتا ہے، تاہم یہ ضروری ہے کہ استعمال شدہ آئی فون خریدنے سے پہلے بعض امور کا خیال رکھا جائے۔
سعودی میگزین ’سیدتی‘ نے ڈیلی میل میں شائع ہونے والے مضمون کے حوالے سے ان نکات کی جانب توجہ دلائی ہے جن کا استعمال شدہ آئی فون خریدنے سے قبل جاننا انتہائی ضروری ہے تاکہ بعد میں مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پرانا فون خریدتے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں؟
ویب سائٹ ڈیلی میل کے مطابق وہ آئی فون جن کا سسٹم آئی او ایس 15.2 ہے اس میں بِلٹ ان سیٹ اپ موجود ہوتا ہے جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ جو پارٹس اس میں لگائے گئے ہیں وہ اصلی ہیں یا نقلی۔
یہ جاننے کے لیے درج ذیل طریقوں پرعمل کیا جائے۔
سیٹنگ کے آئیکون پر جائیں، اس کے بعد ’جنرل‘ اور پھر ’آباؤٹ‘ کے آپشن کو کلک کریں۔
اگر خریدے جانے والے آئی فون میں نقلی پارٹس لگائے گئے ہوں گے تو سسٹم انہیں ریڈ نہیں کرے گا۔ اس صورت میں ’پارٹس اینڈ سروس ہسٹری‘ کے آپشن کو استعمال کیا جائے۔
وہاں مزید تفصیلات کے آپشن کو اختیار کیا جائے تاکہ ان جعلی پارٹس کے بارے میں معلوم کیا جا سکے جو اس میں لگائے گئے ہیں۔
مزید معلومات کے لیے درج ذیل کے آپشن کو اختیار کریں خاص طور پر نئے ماڈلز کے آئی فونز جن میں ایکس آر، ایکس ایس اور ایکس ایس میکس نائن وغیرہ شامل ہیں۔
ان میں موجود بعض سسٹم کے ذریعے آپ آئی فون میں لگی بیٹری کے بارے میں بھی معلوم کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں فرنٹ اور بیک کیمرے اور سکرین کے بارے میں بھی رپورٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ ایپل کمپنی ہمیشہ اپنے صارفین کو اس بات کی ہدایت کرتی ہے کہ جب بھی پارٹس تبدیلی کرنے کی ضرورت ہو تو مخصوص اور منظور شدہ سروس سینٹرز سے ہی رجوع کیا جائے تاکہ وہ اصلی پارٹس کا استعمال کریں۔