جڑے شامی بچے بسام کی صحت مستحکم، احسان کا انتقال
جمعرات 13 جولائی 2023 18:13
آپریشن سے قبل والدین کو آگاہ کردیا تھا۔ (فوٹو ایس پی اے)
جڑے ہوئے بچوں کے آپریشن کرنے والی سعودی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’شامی بچے بسام کی صحت مستحکم ہے۔ دوسرے بچے احسان کا انتقال ہوگیا ‘۔
الربیعہ نے کہا کہ ’ایک ہفتے قبل یہ آپریشن ہوا تھا۔ احسان کے دل کی ساخت میں ایسی پیدائشی خرابی تھی جس کی اصلاح ناممکن تھی۔ علاوہ ازیں آنتوں کے نظام میں غیرمعمولی کمی تھی۔ پیشاب کے نظام اور گردوں سے محروم تھا‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے اور اخبار 24 کے مطابق الربیعہ نے کہا کہ ’بسام اور احسان کا آپریشن شروع کرنے سے قبل ان کے والدین کو تمام حقائق سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ انہیں اچھی طرح سے سب کچھ معلوم تھا‘۔
الربیعہ نے توجہ دلائی کہ ’بسام کی صحت ہر لحاظ سے صحت تسلی بخش ہے۔ اسے اب تک مصنوعی تنفس پر رکھا گیا تھا تاہم اب وہ طبعی انداز میں سانس لینے لگا ہے۔ پوری طرح سے ہوش میں ہے اور اپنے والدین سے طبعی انداز میں پیش آرہا ہے‘۔
ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ ’بسام نے آج سے منہ کے ذریعے غذا لینا شروع کردی ہے‘۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر شام کے جڑے بچوں بسام اور احسان کو علیحدہ کرنے کا آپریشن ایک ہفتے قبل وزارت نیشنل گارڈز کے ماتحت کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کے کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال میں کیا گیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں