Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیکریٹری عرب لیگ کی امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات

عرب لیگ امریکہ مذاکرات میں جن دیگر اہم علاقائی مسائل پر بات کی جائے گی۔ فوٹو عرب نیوز
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے گذشتہ روز بدھ کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ پر موجودہ دباؤ کے خدشات پر بات چیت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ 'اسٹریٹجک ڈائیلاگ' ہمارے لیے بہت سے معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ایک موقع ہے۔

وسیع پیمانے پر ہونے والی بات چیت تعلقات مستحکم کرے گی۔ فوٹو عرب نیوز

بہت سے معاملات ایسے ہیں جو عرب لیگ کے ساتھ ساتھ امریکہ کی نمائندگی کرنے والے  ممالک میں بسنے والوں کی زندگیاں متاثر کر رہے ہیں۔
ملاقات کے بعد احمد ابوالغیط نے کہا ہے کہ وسیع پیمانے پر ہونے والی بات چیت تعاون کی سطح کو مزید وسعت دے گی اور تعلقات مستحکم  کرے گی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکہ اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے شام میں اسد حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے عرب لیگ کے اپنے پہلے بیان پر عمل کرے گا۔
واضح رہے کہ شام کو 22 رکنی اتحاد عرب لیگ میں2011 سے رکنیت معطل ہونے کے بعد دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔

شام کے مسلح تصادم میں تین لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

اقوام متحدہ شام سے مطالبہ کر رہا ہے کہ اپوزیشن کے زیر کنٹرول شمال مغربی علاقوں میں بین الاقوامی امدادی گروپوں کی رسائی بڑھانے میں مدد کرے جہاں 4 ملین سے زیادہ بے گھر افراد کو بھوک اور افلاس کا سامنا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل امدادی ایجنسیوں کو ترکی سے شام میں داخل ہونے والے راستے میں باب الحوا سرحدی چوکی کو کھلا رکھنے کے لیے معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ نام نہاد 'عرب بہار' کی بغاوت کے عروج پر اختلاف رائے پر اسد حکومت کی طرف سے ایک مہلک کریک ڈاؤن کے درمیان 2011 میں عرب لیگ سے شام کی رکنیت معطل کر دی گئی تھی۔

4 ملین سے زیادہ بے گھر افراد کو بھوک اور افلاس کا سامنا ہے۔ فوٹو یونیسیف

اقوام متحدہ کے مطابق شام میں ہونے والے مسلح تصادم میں ایک اندازے کے مطابق 306887 افراد ہلاک ہوئےجب کہ ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ شامی باشندے بے گھر ہوئے جن میں سے 54 لاکھ سے زائد افراد خاندانوں سمیت پڑوسی ممالک میں پناہ گزین کے طور پر رہ رہے ہیں۔
علاوہ ازیں عرب لیگ امریکہ مذاکرات میں جن دیگر اہم علاقائی مسائل پر بات کی جائے گی ان میں سوڈان کا تنازع، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت، یمن کا امن اقدام اور دیگر اہم امور شامل ہیں۔

شیئر: