دبئی میں بجلی کی بندش کی شرح دنیا بھر میں سب سے کم
ہفتہ 29 جولائی 2023 18:59
بجلی بندش کی شرح کم کرکے 1.19 منٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
دنیا بھر میں بجلی کی بندش کی شرح دبئی میں سب سے کم ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی نے سال رواں 2023 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں گیارہ کلو واٹ پاور کے 676 ڈسٹری بیوشن سٹیشن قائم کیے ہیں۔
اتھارٹی کے سی ای او سعید محمد الطایر نے کہا کہ ان سٹیشنوں نے 5 لاکھ 5 ہزار 684 گھنٹے ورکنگ کا اعلی ترین ریکارڈ قائم کیا ہے۔
سعید محمد الطایر کا کہنا ہے کہ ’نائب صد شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر پوری ریاست میں پانی اور بجلی کا ترقی یافتہ مکمل بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ دبئی میں ہر صارف کےلیے بجلی کی بندش کی شرح جو 2012 میں 6.88 منٹ سالانہ تھی 2022 میں کم کرکے صرف 1.19 منٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جو دنیا میں ایک ریکارڈ ہے‘۔
اتھارٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو چیئرمین راشد حمیدان نے کہا کہ ’33 کلو واٹ پاور کے 74 ڈسٹری بیونش سینٹر ہیں جبکہ 11 کلو واٹ اور 6.6 کلو واٹ پاور کے ڈسٹری بیوشن سٹیشنوں کی تعداد 43357 ہے’۔
انہوں نے کہا کہ’ اتھارٹی معمول کے مطابق مقررہ سکیموں پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے‘۔