Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لنکا پریمیئر لیگ: جب گراؤنڈ میں موجود سانپ نے میچ روک دیا

جنگلی حیات کے ماہرین کے مطابق گراؤنڈ میں آنے والا سانپ ’ٹیاس موکوسا‘ نسل کا تھا ۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سری لنکا میں لنکا پریمیئر لیگ میں گال ٹائٹنز اور دمبوالا اورا کے درمیان میچ اس وقت روک دیا گیا جب کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں ایک سانپ گھس آیا۔
پیر کو ہونے والے میچ کی دوسری اننگز میں بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن اپنا اوور شروع کرنے ہی والے تھے کہ باؤنڈری کے قریب ایک سانپ نمودار ہوا جس کے بعد کھیل کو روک دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کو چند ہی لمحات بعد اس وقت دوبارہ شروع کیا گیا جب سانپ کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا گیا۔
سری لنکا میں دوران میچ گراؤنڈ میں سانپ گُھس آنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل 2018 میں دورہ انگلینڈ کے موقع پر بھی ایک پریکٹس سیشن کے دوران ایک سانپ پِچ پر نظر آیا تھا جسے گراؤنڈ انتظامیہ نے پکڑ کر وہاں سے باہر نکالا تھا۔
جنگلی حیات کے ماہرین کے مطابق گراؤنڈ میں آنے والا سانپ ’ٹیاس موکوسا‘ نسل کا تھا جو عام طور پر اورینٹل چوہا سانپ ، ہندوستانی چوہا سانپ، ’درش‘ یا دھامن کے نام سے جانا جاتا ہے۔
کولبریڈ سانپ کی ایک عام قسم ہے جو جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے حصوں میں پایا جاتا ہے۔ دھامن بڑے سانپ ہیں لیکن انسانوں کے لیے مکمل طور پر غیر زہریلے اور بے ضرر ہیں۔ یہ انسان دوست سانپ ہیں اور فصلوں کو چوہوں سے بچاتے ہیں اور انکو شکار کر کے ان کا خاتمہ کرتے ہیں۔
خیال رہے دمبولا اورا اور گال ٹائٹنز کے درمیان میچ برابر ہوگیا تھا جس کے بعد اس میچ کا فیصلہ سُپر اوور کے ذریعے کیا گیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گال ٹائٹنز نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 180 رنز بنائے تھے۔
اس کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئےن دمبولا اورا نے بھی سات وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے جس کے بعد اس میچ کا فیصلہ سُپر اوور کے ذریعے کیا گیا۔
سُپر اوور میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دمبولا اورا نے گال ٹائٹنز کو 10 رنز کا ہدف دیا تھا جسے گال ٹائٹنز نے صرف تین گیندوں پر پورا کر کے میچ جیت لیا۔

شیئر: