ساؤ پاؤلو میں سعودی ، برازیلی انویسٹ فورم کا انعقاد
’متعدد شعبوں میں تعاون اور باہمی تجارت کے لیے 25 سے زیادہ معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں‘ ( فوٹو: واس)
سعودی وزارت سرمایہ کاری نے برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں سعودی، برازیلی انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فورم کی افتتاحی تقریب میں سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح اور برازیل کے نائب صدر ووزیر صنعت جیرالڈ الکمین کے علاوہ دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ہے۔
فورم میں برازیل کی بڑی کمپنیوں کے اعلی عہدیداروں نے خصوصی دلچسپی لی ہے جبکہ متعدد سرکاری اداروں نے نمائندے بھی موجود تھے۔
فورم میں سعودی عرب اور برازیل کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون اور باہمی تجارت کے لیے 25 سے زیادہ معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
دونوں ممالک پٹروکیمیکل، صحت، دفاع، غذا، سیاحت اور زراعت کے علاوہ دیگر شعبوں میں تعاون کریں گے۔
فورم میں سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع پر روشنی ڈالی گئی جبکہ حاضرین کو ایکسپو2030 کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ فورم سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح کے دورہ لاطینی امریکہ کی مناسبت ہوا ہے۔