Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میڈیا والے پیغامات بھیجنا بند کریں،‘ پاکستانی اداکارہ صرحا اصغر برہم کیوں؟

صرحا اصغر کی جانب سے کراچی کے ایک تھانے میں ہراسانی کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستانی اداکارہ صرحا اصغر نے میڈیا میں کام کرنے والے افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کو اور ان کے شوہر کو انٹرویوز کے لیے فون کالیں اور پیغامات بھیجنا بند کردیں۔
جمعے کو اپنی ایک انسٹاگرم سٹوری میں صرحا اصغر کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ سب میڈیا والے مجھے اُس واقعے کے حوالے سے پیغامات بھیجنا بند کردیں۔ انہیں مجھے اور میرے شوہر کو انٹرویو اور ریٹنگ کے لیے مسلسل کالیں کرنے پر شرم آنی چاہیے۔‘
پاکستانی میڈیا پر کچھ دن قبل یہ خبریں نشر کی گئیں تھیں کہ کراچی میں اداکارہ صرحا اصغر پر رواں مہینے کے آغاز میں ایک شخص نے جنسی حملہ کرنے کی کوشش کی تھی جس کی شکایت انہوں نے شارعِ فیصل تھانے میں درج کروائی تھی۔
ملزم کو اہل محلہ نے پکڑ کے پولیس کے حوالے کردیا تھا اور اس واقعے کا مقدمہ صرحا اصغر کے شوہر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں ایک ٹی وی چینل پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’اُس نیوز چینل کو بھی شرمسار ہونا چاہیے جس نے واقعے کے بعد میری ذاتی معلومات بھی چلا دیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر خیریت سے ہیں۔
صرحا اصغر’پیار کے صدقے‘، ’آخر کب تک‘، ’ایک جھوٹی لو سٹوری‘ اور ’اوئے موٹی اور بے باک‘ سمیت متعدد پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

شیئر: